معیشت سے متعلقہ امور کے حوالے سے تھنک ٹینک کا اجلاس ،وزیر اعظم کی سبسڈی کے پورے نظام کا بغور جائزہ لینے کی ہدایت

مختلف مد میں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سبسڈیز کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے ایک خصوصی سیل قائم کیا جائے ،۔معاشرے کے غریب اور ضرورت مند افراد کو بجلی گیس ، یوٹیلٹی اسٹورز و دیگر سبسڈیز کی فراہمی کے حوالے سے احساس کیش پروگرام کے ڈیٹا بیس سے بھی استفادہ کیا جائے، عمران خان کا خطاب

پیر 20 جولائی 2020 23:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2020ء) وزیر اعظم عمران خان نے سبسڈی کے پورے نظام کا بغور جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف مد میں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سبسڈیز کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے ایک خصوصی سیل قائم کیا جائے ،۔معاشرے کے غریب اور ضرورت مند افراد کو بجلی گیس ، یوٹیلٹی اسٹورز و دیگر سبسڈیز کی فراہمی کے حوالے سے احساس کیش پروگرام کے ڈیٹا بیس سے بھی استفادہ کیا جائے۔

پیر کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت معیشت سے متعلقہ مختلف امور کے حوالے سے قائم تھنک ٹینک کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء حماد اظہر، سینٹر شبلی فراز، عمرایوب خان، مشیر ان ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ندیم بابر موجود جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین، سلطان علی الانہ، عارف حبیب اور اعجاز نبی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

معیشت سے متعلقہ تھنک ٹینک کے قیام کا مقصد اہم معاشی ایشوز پر غور کرنا اور ان کے حوالے سے سفارشات اور مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرنا ہے۔ وزیرِ اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بجلی گیس، فرٹیلائزرز، یوٹیلٹی سٹورز، ایکسپورٹس، ہاؤسنگ، احساس ، این ایچ اے اور دیگر سرکاری اداروں کے حوالے سے بجٹ اور بجٹ سے باہر دی جانے والی سبسڈیز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے سبسڈی فراہم کرنے کا مقصد غریب اور مستحق افراد کی معاونت اور ریلیف کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ سبسڈی کے پورے نظام کا بغور جائزہ لیا جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سبسڈی کی رقم مکمل طور پرشفاف طریقے سے نہ صرف ضرورت مندوں کو میسر آئے بلکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے مستفید ہوں۔

وزیرِ اعظم نے مشیر خزانہ کو ہدایت کی کہ مختلف مد میں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سبسڈیز کا تفصیلی جائزہ لینے کے لئے ایک خصوصی سیل قائم کیا جائے تاکہ وہ ہر شعبے میں فراہم کی جانے والی سبسڈی کا جائزہ لیکر اس میں مزید بہتری اور اسکی افادیت بڑھانے کے لئے جامع سفارشات پیش کر سکے۔ وزیرِ اعظم نے کورونا کی حالیہ صورتحال میں احساس پروگرام کی جانب سے ضرورتمندوں کو کیش ٹرانسفر کے پروگرام کی افادیت، پہنچ اور شفافیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے غریب اور ضرورت مند افراد کو بجلی گیس ، یوٹیلٹی اسٹورز و دیگر سبسڈیز کی فراہمی کے حوالے سے احساس کیش پروگرام کے ڈیٹا بیس سے بھی استفادہ کیا جائے۔