وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار وزیر اعظم عمران خان کی حمایت اور اعتماد کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں بہت اچھے طریقے کے ساتھ نبھا رہے ہیں، صوبے میں کسی بھی سیاسی تبدیلی سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں

وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

پیر 20 جولائی 2020 23:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2020ء) پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے صوبے میں کسی بھی سیاسی تبدیلی سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار وزیر اعظم عمران خان کی حمایت اور اعتماد کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں بہت اچھے طریقے کے ساتھ نبھا رہے ہیں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن گزشتہ 23 ماہ سے موجودہ وزیر اعلی کی تبدیلی کے حوالے سے صرف ایک ہی سوال کر رہی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلی عثمان بزدار کی سربراہی میں صوبائی حکومت کی گڈ گورننس پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بطور ترجمان انہیں صوبے میں کسی سیاسی تبدیلی کے بارے میں معلومات نہیں ہیں، میں نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران بھی اس طرح کی تبدیلی کے بارے میں بے بنیاد افواہوں کی تردید کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اپنے حالیہ دورہ لاہور کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے قائد اعظم بزنس پارک، دریائے راوی فرنٹ پروجیکٹ اور صوبے بھر میں 10 اسٹیٹ آف آرٹ ہسپتالوں کے قیام جیسے انقلابی منصوبے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ حکومت نے صوبے کے صحت اور تعلیم کے شعبوں کے لئے مختص بجٹ سے زیادہ میٹرو بس اور اورنج ٹرین پر خرچ کیا۔