میر شکیل الرحمن کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5اگست تک توسیع

عدالت نے ریفرنس کی منظوری دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو طلب کر لیا

منگل جولائی 13:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2020ء) احتساب عدالت نے غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 اگست تک توسیع کر تے ہوئے آئندہ سماعت پرعدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سابق وزیر اعظم نواز شریف، ہمایوں فیض رسول اور میاں بشیر احمد کو بھی طلبی کے نوٹس جاری کر دئیے ۔

احتساب عدالت کے جج اسد علی نے ریفرنس پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

عدالت کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ کیا تمام ملزم حاضر ہیں ۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک ملزم میر شکیل الرحمن زیر حراست ہے، نواز بیرون ملک فرار ہیں جبکہ ہمایوں فیض رسول اور میاں بشیر احمد زیر حراست نہیں ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا میر شکیل الرحمن کو کیوں پیش نہیں کیا گیا۔ جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ کرونا ایس او پیز کے تحت 31 جولائی تک زیر حراست ملزموں کو عدالتوں میں پیش نہیں کیا جا رہا۔ عدالت نے ریفرنس سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تمام ملزموں کو طلب کر لیا۔