احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی کی فروخت کردہ گاڑی ٹرانسفر کرانے کی اجازت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا

منگل 21 جولائی 2020 13:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2020ء) احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی کی فروخت کردہ گاڑی ٹرانسفر کرانے کی اجازت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔منگل کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے سابق وزیراعظم کی گاڑی ٹرانسفر کی اجازت کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ احتساب عدالت نے درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

نیب نے شاہد خاقان عباسی کے نام گاڑی دوسرے فریق کو ٹرانسفر کرنے کی مخالفت کر دی ۔ نیب پراسیکیوٹر عثمان مرزا نے کہاکہ نیب شاہد خاقان عباسی کی جائیدادوں اور اثاثوں کی تحقیقات کر رہا ہے ،سابق وزیراعظم کی مشکوک بنک ٹرانزیکشنز کی بھی نیب تحقیقات کر رہا ہے، دوران تحقیقات کسی ملزم کے ملکیتی اثاثے کسی دوسرے کے نام منتقل نہیں کئے جا سکتے۔

(جاری ہے)

وکیل صفائی سعدیہ عباسی نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی کیخلاف مالی کرپشن کا کوئی کیس نہیں، نیب ریفرنس میں نامی گرامی سیٹھ اور بیوروکریٹس بھی شامل ہیں ، عدالت شاہد خاقان عباسی کی گاڑی کو ٹرانسفر کرنے کی اجازت دے، شاہد خاقان عباسی کا نام ای سی ایل میں ہے وہ ملک سے باہر نہیں جا رہے، سابق وزیراعظم کو موجودہ حکومت نے سب سے زیادہ ٹیکس اداکرنے پر ایوارڈ کیلئے نامزد کیا۔احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ یاد رہے کہ عمران خان نامی شہری نے گاڑی ٹرانسفر کرنے کی اجازت کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے۔