سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائز سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے نیدرلینڈ کے ماہرینکا مفت مشاورتی خدمات مہیا کرنے کا اعلان

بدھ 22 جولائی 2020 13:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2020ء) فیصل ۱ٓباد سمیت پنجاب بھر کے سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائز سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے نیدرلینڈ کے ماہرین نے مفت مشاورتی خدمات مہیا کرنے کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ پی یو ایم نان پرافٹ آرگنائزیشن ہے جس میں 70 ڈسپلن سے 3 ہزار سینئر ایکسپرٹ شامل ہیں جوریٹائرمنٹ کے بعد ترقی پذیر ملکوں کے ایس ایم ای سیکٹر کو ترقی دینے کیلئے مفت سروسز مہیا کرتے ہیں نیز پاکستان اس سلسلہ میں 70 واں ٹارگٹ ملک ہے جس کے ایس ایم ای سیکٹر کو مفت خدمات مہیا کی جارہی ہیں اور نیدر لینڈ کے ماہرین ایس ایم ای سیکٹر کے ایسے مسائل کی نشاندہی کریں گے جن کے ذریعے ان کی سرمایہ کی ضرورت کو پورا کرنے کے علاوہ دیگر مسائل کے حل کیلئے متعلقہ شعبے کے امور میں بہتری اور ان کی پیداواری لاگت کو کم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈچ فائونڈیشن پی یوایم کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کے ایس ایم ای سیکٹر کو پی یو ایم کے ماہرین سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ وہ اپنی مصنوعات کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لا سکیں اس طرح ان کی مصنوعات کو ترقی یافتہ ملکوں کی منڈیوں میں بھی فروخت کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پوری صنعت ہی تقریباً ایس ایم ای سیکٹر کے زمرے میں آتی ہے ان کی خواہش ہے کہ مقامی ایس ایم ای سیکٹر کی مشاورت سے پہلے مرحلہ میں ان کے مسائل کی نشاندہی کی جائے اور ان کے حل کیلئے متعلقہ شعبوں کے ماہرین بھیجے جائیں ۔

انہوں نے بتایا کہ پی یو ایم کا مقصد ایس ایم ای سیکٹر کی مدد کرنا اور ان کے کاروبار کو بڑھا کے روزگار کے نئے مواقعے پیدا کرنا ہے تاکہ غربت کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں اس سلسلہ میں سرمایے کا حصول ، کم منافع اور پیداواری لاگت جیسے مسائل بڑی ر کاوٹیں ہیں تاہم اس سلسلہ میں مقامی ایس ایم ای سیکٹر کی مشاورت ضروری ہے تاکہ حقیقی معنوں میں اس پروگرام کو قابل عمل اور سود مند بنایا جا سکے ۔

انہوںنے کہاکہ فیصل آباد ملک کا تیسرا بڑا اور اہم ترین شہر ہے جن کی معاشی قوت اس کا ایس ایم ای سیکٹر ہے جس کی بہتری کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹیکسٹائل ہوزری اور نٹ وئیر کو بھی ایس ایم ای سیکٹرمیں شامل کر لیا جائے تو اس کے مزید بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔