اسلامی شعائر اور مشرقی اقدار کے تحفظ کیلئے سوشل میڈیا ایک مفید اور کار آمد ذریعہ اظہار ہے،مولانا عمرصادق

بدھ 22 جولائی 2020 16:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2020ء) اسلامی شعائر اور مشرقی اقدار کے تحفظ کیلئے سوشل میڈیا ایک مفید اور کار آمد ذریعہ اظہار ہے،موبائل اور نیٹ استعمال کرنیوالا ہر نوجوان نظریاتی جنگ میں اپنا حصہ ڈال سکتا ہے،جے یو آئی کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اضلاع کی سطح پر بھی منظم ہورہے ہیں،ان خیالات کا اظہارجے یو آئی ضلع غربی کے زیراہتمام جامعہ رحمانیہ اورنگی ٹائون میں سوشل میڈیاٹریننگ ورکشاپ کے موقع پرمقررین نے کیا،ورکشاپ میں میں ضلع بھر کی تمام پی ایس اور یوسیز کے سیکرٹری اطلاعات و سوشل میڈیا ممبران شریک ہوئے ، ورکشاپ سے سابق صوبائی پارلیمانی لیڈرضلعی امیرمولانا عمرصادق ، پارلیمانی لیڈر سٹی کونسل سید اکبر شاہ ہاشمی،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات وسوشل میڈیاانچارج مولانا سمیع الحق سواتی،جنرل سیکرٹری مولانا فخرالدین رازی اورحاجی محمود خلجی نے خطاب کئے،میزبانی کے فرائض سیکرٹری اطلاعات حافظ حبیب الرحمن خاطر نے انجام دیئے، سینئرصحافی منیراحمدفاروقی نے تکنیکی حوالے سے معلومات افزاء لیکچردیا،معروف نعت خواں قاری رفیق دانش اورقاری اسحاق قریشی نے نعت ونظم پیش کی ، اس موقع انجینئر ثناء اللہ شینواری، اظہر شاہ ستوریانی، عبدالرحیم آفریدی ، جمعیت طلباء اسلام کے صوبائی جنرل سیکرٹری سید زاہد شاہ ہاشمی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سندھ ڈانگراج ، سیکرٹری اطلاعات عثمان مشوانی ،حسین احمد آصفی بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ اس وقت سوشل میڈیا کے ذریعے اسلام اور پاکستان کی آئیڈیالوجی پر کاری ضربیں لگائی جارہی ہیں اور نوجوان نسل کے ساتھ فکری دہشتگردی عروج پر ہے،جے یوآئی کے نظریاتی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اسلام اور پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کے سامنے بند بنیں گے ،جے یو آئی کی سوشل میڈیا ٹیم پاکستان کی سب سے بڑا نظریاتی والنٹیئر میڈیا ٹیم ہے جس کے ہزارروں ایکٹیوسٹ اپنی مددآپ کے تحت دن رات اسلام اور پاکستان کے لیے نظریاتی محاذ پر اپنا کردار ادا کرتے رہتے ہیں،جدید ذرائع ابلاغ کے موثر اور با مقصد استعمال کے لئے تربیت بہت ضروری ہے اور سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کے حوالے سے ہر نیٹ یوزر کو بنیادی معلومات سے آگاہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا دو دھاری تلوار ہے اس کا استعمال اخلاق سنوارتا بھی ہے اور بگاڑتا بھی ہے، جے یو آئی سوشل میڈیاٹیم کی یہ خصوصیت ہے کہ وہ ضروری ٹریننگ کے ساتھ اخلاقی تربیت بھی فراہم کر تے ہیں،جے یو آئی کے سوشل میڈیاورکرز روزاول سے ہی علم اور قلم کی حرمت کے نہ صرف پاسبان ہیں بلکہ اس پیغام کو فروغ دینے میں بھی سب سے آگے دکھائی دیتے ہیں، الفاظ کے چناؤ میں شائستہ رہتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی سے وابستہ رہتے ہیں اور اللہ کے عطا کردہ اس علم اور توفیق کا انتہائی مثبت استعمال کرتے رہیںگے ،جے یو آئی اضلاع کی سطح پر سوشل میڈیا ٹریننگ کانفرنسز کا اہتمام کرے گی تاکہ اس جدید ترین ذرائع ابلاغ سے اخلاق سازی اور کردار سازی کا کام بھی لیا جاسکے۔