امن ہم سب کی ضرورت ہے، تاجران کا معاشرے میں اہم کردار ہے،حافظ واحد محمود

کورانا سے بچائو کے حوالے سے تاجران نے صبر و تحمل سے پولیس اور انتظامیہ سے تعاون کرکے ایک مثال قائم کی ہے، محرم الحرام کو امن کمیٹی، مشران، علمائے کرام ،تاجروں اور دیگر مکاتب فکر سمیت میڈیا کے تعاون و مشاورت سے پرامن گزاریںگے، ،ڈی پی او

بدھ 22 جولائی 2020 23:37

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2020ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر) حافظ واحد محمود نے کہا ہے کہ امن ہم سب کی ضرورت ہے، تاجران کا معاشرے میں اہم کردار ہے، کورانا وائرس سے بچائو کے حوالے سے تاجران نے صبر و تحمل سے پولیس اور انتظامیہ سے تعاون کرکے ایک مثال قائم کی ہے، محرم الحرام کو امن کمیٹی، مشران، علمائے کرام ،تاجروں اور دیگر مکاتب فکر سمیت میڈیا کے تعاون و مشاورت سے پرامن گزاریںگے، عید الضحیٰ کے موقع پر کورونا وائرس سے بچائو کے حوالے سے تمام مکاتب فکر، تاجران اور شہری احتیاطی تدابیر پر من وعن عمل کرتے ہوئے صفائی ، ماسک ، سینی ٹائزر اور سماجی فاصلوں کا خصوصی خیال رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی انجمن تاجران کے صدر راجہ اختر علی کی قیادت میں ملنے والے تاجران کے وفدسے کیا۔

(جاری ہے)

وفد میں چوہدری جمیل احمد، حاجی محمد اشرف، حاجی محمد نواز شامل تھے اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی اسلم خٹک اور ڈی ایس پی سٹی فضل رحیم گنڈہ پور بھی موجود تھے۔ ملاقات میں لاک ڈائون کے دوران تعاون کرنے اور پر امن فضا کو برقرار رکھنے پر ڈی پی او کیپٹن (ر) حافظ واحد محمود نے تاجر قیادت کو اعزازی شیلڈ بھی دی۔

ملاقات میں تاجران نے عیدالضحیٰ اور محرم الحرام کے موقع پر اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ڈی پی او ڈیرہ نے تاجران کے اس جذبے کو سراہا اوکہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سمگلنگ اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے، آج ڈیرہ اسماعیل خان میں ہر لحاظ سے پر امن فضا قائم ہے، تاجران پر امن فضا میں اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہم سب نے باہمی اتفاق سے کورونا وائرس کی وباء کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، تاجران ہمارا ہر اول دستہ ہے، انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد آمد ہے، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ، پر امن فضا کے قیام کیلئے تاجران ، امن کمیٹی، مشران ، علمائے کرام اور میڈیاکا تعاون ہمیشہ کی طرح مثبت رہے گا۔