آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے سیکرٹری ٹکا خان کی وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹربابر اعوان سے ملاقات، کورونا وائرس کی وجہ سے اخبار فروشوں کے مسائل سے آگاہ کیا

وزیراعظم سے بات کروں گا، انشاء الله اخبار فروشوں کے مسائل ہم سب ملکر حل کریں گے، ڈاکٹربابر اعوان

بدھ 22 جولائی 2020 23:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2020ء) آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹربابر اعوان سے بدھ کوان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ٹکا خان نے بابر اعوان کو کورونا وائرس کی وجہ سے اخبار فروشوں کے مسائل سے آگاہ کیا کہ کس طرح اس عالمی وباء سے پاکستان بھر کے اخبار فروش متاثر ہوئے ہیں اور اس وقت کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

ٹکا خان نے بابر اعوان سے کہا کہ اخبار فروشوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ہم نے وزارت اطلاعات میں درخواست جمع کرا رکھی ہے، اگر آپ اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان سے بات کریں تو اخبار فروشوں کے مسائل میں کمی آ سکتی ہے۔ مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ٹکا خان کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں ذاتی دلچسپی لے کر وزیراعظم سے بات کریں گے۔

(جاری ہے)

انشاء الله اخبار فروشوں کے مسائل ہم سب ملکر حل کریں گے۔ اس موقع پر ٹکا خان نے ایک اہم مسئلہ کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ ان دنوں ملک کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو بیرون ممالک اچھی ملازمت کا جھانسا دے کر جعل ساز دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ اس لوٹ مار میں مختلف ایجنٹس اور کنسلٹنٹس ملوث ہیں جنہوں نے ملک کے طول و عرض میں دفاتر قائم کر رکھے ہیں۔

حکومت کو چاہئے کہ وہ اس جعل سازی کا نوٹس لے۔ وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے ٹکا خان کو بتایا کہ نوجوان نسل پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے۔ ہم ان جعلسازوں کے ہاتھوں نوجوان نسل کو لٹنے نہیں دیں گے۔ میں یہ بات وزیراعظم پاکستان کے نوٹس میں بھی لائونگا اور ایسے تمام ایجنٹس اور کنسلٹنٹس کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو اس غیر قانونی دھندے میں ملوث ہیں۔ ملاقات کے آخر میں ٹکا خان نے بابر اعوان کا شکریہ ادا کیا۔