سعودی عرب نے بحری میدان میں بھی اپنی عظمت کے جھنڈے گاڑ دیئے

دشمنوں کے دانت کھٹے کرنے کے لیے جدید ترین جنگی بحری جہاز تیار کروا لئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 23 جولائی 2020 16:22

سعودی عرب نے بحری میدان میں بھی اپنی عظمت کے جھنڈے گاڑ دیئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 جولائی 2020ء) سعودی عرب گزشتہ کچھ سالوں سے اپنی دفاعی صلاحیت بڑھانے کی طرف خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ سعودی فضائیہ کے پاس جدید ترین ٹیکنالوجی کے جہاز اور ڈرونز موجود ہیں تو دوسری جانب زمینی فوج کو بھی بہترین ساز و سامان اور اسلحہ و مشینری سے آراستہ کیا گیا ہے۔ اب سعودی بحریہ کے لیے بھی شاندار جنگی بحری جہاز بنا لیے گئے ہیں۔

العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب میں روئل سعودی نیول فورسز کے لیے تیار کیے جانے والے Avante 2200 ماڈل کے پانچ کورویٹ (چھوٹا بحری جنگی جہاز) میں سے پہلے کورویٹ کی نقاب کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس کورویٹ کو "الجبیل" کا نام دیا گیا ہے۔ کورویٹ کی نقاب کشائی ہسپانیہ کی جہاز بنانے والی کمپنی Navantia کی جانب سے بدھ کے روز منعقد تقریب میں انجام دی گئی۔

(جاری ہے)

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق سعودی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغفیلی اور ہسپانوی کمپنی نیوانتیا کی سربراہ سوزانا دی ساریا نے تقریب میں شرکت کی۔جدید نوعیت کے ان جنگی جہازوں کی تیاری کا منصوبہ سعودی عرب کی ملٹری انڈسٹریز SAMI اور ہسپانوی کمپنی نیوانتیا کا مشترکہ اقدام ہے۔ تمام جہازوں کو 2024ء تک روئل سعودی نیول فورسز کے حوالے کر دیا جائے گا۔

یہ جہاز کئی جدید ٹکنالوجیز کا حامل ہو گا۔ ان میں لڑائی اور بم باری کے حوالے سے اسپیشل کنٹرول سسٹمز اور رابطے کا نہایت مربوط نظام نمایاں ترین ہے۔ جہاز کی لمبائی 104 میٹر اور انتہائی رفتار 27 ناٹ ہے۔اس منصوبے کو اپریل 2018 میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ہسپانیہ کے دورے کا ثمرہ قرار دیا جا رہا ہے۔ مشترکہ منصوبے میں سعودی نوجوانوں کو کام کرنے کے بھرپور مواقع میسر آئے ہیں۔