خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی امت مسلمہ اور انسانیت کیلئے خدمات قابل قدر ہیں، کورونا کی وباء کے باوجود حج ملتوی نہ کرنا سعودی عرب کی حکومت کا قابل ستائش اقدام ہے،

پاکستان سعودی عرب تعلقات لازوال ہیں، پوری قوم خادم الحرمین الشریفین کی صحت اور سلامتی کیلئے دعاگو ہے، چیئرمین پاکستان علمائ کونسل حافظ محمد طاہر اشرفی اور دیگر علمائ کا مشترکہ بیان

جمعہ 24 جولائی 2020 17:00

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی امت مسلمہ اور انسانیت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2020ء) چیئرمین پاکستان علمائ کونسل حافظ محمد طاہر اشرفی اور دیگر علماء نے کہا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی امت مسلمہ اور انسانیت کیلئے خدمات قابل قدر ہیں، کورونا کی وباء کے باوجود حج ملتوی نہ کرنا سعودی عرب کی حکومت کا قابل ستائش اقدام ہے، پاکستان سعودی عرب تعلقات لازوال ہیں، پوری قوم خادم الحرمین الشریفین کی صحت اور سلامتی کیلئے دعاگو ہے۔

جمعہ کو مشترکہ جاری بیان میں علماء نے کہا کہ حج اسلام کا بنیادی رکن ہے، کورونا کی وباء کی وجہ سے حج پر نہ جانے والے حجاج الله کریم کے ہاں اجر کے مستحق ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سرپرستی اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی قیادت میں حج ملتوی نہ کر کے امت مسلمہ کے دل جیت لئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شرعی طور پر حج ملتوی کرنے یا نہ کرنے کا اختیار سعودی عرب کی قیادت کو حاصل ہے لیکن سعودی عرب کی قیادت نے حج کو محدود کر کے لبیک اللھم لبیک کی صدائوں کو بلند کرنے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز امت مسلمہ کے قائد ہیں ان کی اسلام اور مسلمانوں اور انسانیت کیلئے خدمات بے مثال ہیں، آج امت مسلمہ شاہ سلمان بن عبد العزیز کی کامل صحت کیلئے دعا گو ہے ہماری دعا ہے کہ الله کریم شاہ سلمان بن عبد العزیز کو مکمل صحت عطا فرمائیں تا کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا کامیاب آپریشن قابل اطمینان ہے اور ہم سب ان کی صحت کیلئے دعا گو ہیں۔