امیر جمعیت علماء اسلام (س) کی آیا صوفیہ میوزیم کو دوبارہ مسجد میں تبدیل کرنے کے اقدام پر ترک صدر اور ترک قوم کو مبارکباد

جمعہ 24 جولائی 2020 17:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2020ء) جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر مولانا حامد الحق حقانی نے آیا صوفیہ میوزیم کو دوبارہ مسجد میں تبدیل کرنے کے اقدام کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے ترک صدر طیب اردوان اور ترک قوم سمیت پوری امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو جاری بیان میںانہوں نے کہا کہ ذی الحج کے مقدس مہینہ میں استنبول کی اس عظیم تاریخی مسجد کا افتتاح نماز جمعہ کے بابرکت اجتماع سے کیا گیا ہے،آیا صوفیہ کے اس میوزیم کو دوبارہ ایک عظیم الشان مسجد میں تبدیل کرنا امت مسلمہ کی نظریاتی اور فکری آزادی کے لئے نیک فال اور مبارک قدم ہے، اس تاریخی اقدام سے میرے والد مولانا سمیع الحق شہید کی روح انتہائی خوش و خرم ہوگی۔

مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ آیا صوفیہ صدیوں سے مسلمانوں کی عبادت گاہ کے طورپر چلی آرہی ہے۔ مولانا حقانی نے امت مسلمہ خصوصاً پاکستانی قوم پر اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک مٹھی ہونے اورمضبوط اتحاد بنانے پر زور دیا۔