لاہور ، قربانی کے دنوں میں قربانی سے زیادہ کوئی محبوب اور پسندیدہ ترین عمل اور نہیں ہے،رہنما عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت

جمعہ 24 جولائی 2020 23:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2020ء) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیزالرحمن ثانی ،مبلغ ختم نبوت مولانا عبدالنعیم، جنرل سیکرٹری مولانا علیم الدین شاکر، قاری جمیل الرحمن اختر، مولانا حافظ محمداشرف گجر، مولانا محبوب الحسن طاہر، مولانا عبدالعزیز، مولانا خالدمحمود، مولانا سید عبداللہ شاہ ، مولانا سعید وقار، قاری ظہورالحق نے جمعة المبارک کے اجتماع سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ اس قربانی کا جانور کرنے کی بجائے قربانی کے جانور کی قیمت صدقہ کر دی جائے ،یا کروناوائرس کی وجہ سے موجودہ صورتحال میں کسی کے گھر میں راشن دے دیا جائے یا کسی غریب ومسکین کے ساتھ تعاون کر دیاجائے یا کسی فلاحی تنظیم یا ٹرسٹ میں قربانی کے جانور کی قیمت بطور فنڈ جمع کرا دی جائے تو انہیں یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ ایام نحریعنی قربانی کے دنوں میں قربانی سے زیادہ کوئی محبوب اور پسندیدہ ترین عمل اور نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ جس شخص کے ذمہ قربانی لازم ہے اگر وہ شخص قربانی کی قیمت صدقہ کردیتا ہے تو اس سے وہ قربانی کا ثواب ہر گز نہیں پاسکے گا ۔ علماء نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں اللہ رب العزت ،جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم، انبیاء کرام علیہم السلام اور اسلام کی مقدس ہستیوں کی توہین کے خلاف ’’تحفظ بنیاد اسلام ‘‘ بل منظور ہونے ،سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی ، قرار داد کے محرک حافظ عمار یاسر اور پورے ایوان کو مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ یہ بل پاس ہونا نظریہٴ اسلام اور نظریہٴ پاکستان کی طرف ایک قدم ہے ۔ وفاق اور صوبوں کو پنجاب اسمبلی کی اس قرار داد کی تقلید بھی کرنی چاہیے اور تائید بھی کرنی چاہیے ۔