سعودی عرب نے 3 ممالک کیساتھ زمینی راستے کھول دیے

کویت، بحرین اور متحدہ عرب امارات میں موجود سعودی شہری، ان کے رشتے دار اور ملازمین اب زمینی راستے سے مملکت میں داخل ہو سکتے ہیں

muhammad ali محمد علی ہفتہ 25 جولائی 2020 00:33

سعودی عرب نے 3 ممالک کیساتھ زمینی راستے کھول دیے
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جولائی2020ء) سعودی عرب نے 3 ممالک کیساتھ زمینی راستے کھول دیے، کویت، بحرین اور متحدہ عرب امارات میں موجود سعودی شہری، ان کے رشتے دار اور ملازمین اب زمینی راستے سے مملکت میں داخل ہو سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے کرونا وائرس پابندیوں میں نرمی کے سلسلے میں بڑا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے اب 3 ممالک کیساتھ زمینی راستے کھول دیے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس پھیلاو کے باعث سعودی حکومت نے 7 مارچ کو اپنی تمام سرحدین بند کر دی تھیں۔ اب ساڑھے 4 ماہ کی بندش کے بعد کویت، بحرین اور متحدہ عرب امارات کی سرحدیں کھول دی گئی ہیں۔ ان تینوں ممالک کی سرحدیں کھولنے کے بعد سعودی شہریوں کو بنا باقاعدہ اجازت کے مملکت میں داخل ہونے کی اجازت مل گئی ہے۔

(جاری ہے)

سعودی شہریوں کو اجازت دی گئی ہے کہ ان کے قریبی رشتے دار اور ملازمین جو متحدہ عرب امارات، کویت یا بحرین میں موجود ہیں، وہ بھی اب زمینی راستے سے مملکت میں داخل ہو سکتے ہیں۔

تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ غیر ملکیوں کو بھی زمینی راستے سے سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ہوگی یا نہیں۔ جبکہ یہاں واضح رہے کہ سعودی عرب نے تاحال اپنی بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ سعودی عرب کی بین الاقوامی پروازوں کی بندش کو بھی اب 4 ماہ سے زائد کا وقت ہو چکا ہے۔ سعودی عرب اس وقت کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ خلیجی اور عالمی سطح پر تیسرا سب سے زیادہ متاثرہ اسلامی ملک ہے۔ سعودی عرب میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد ڈھائی لاکھ سے زائد ہے اور اب بھی نئے کیسز رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری ہے، اسی باعث مملکت میں عائد کی گئی کئی پابندیاں تاحال برقرار ہیں۔