اردوکے معروف رائٹر ابن صفی کی 40ویں ،مزاحیہ اداکار ملک انوکھا کی 12ویں برسی کل منائی جائیگی

ہفتہ 25 جولائی 2020 11:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2020ء) اردوکے معروف رائٹر ابن صفی کی 40اور مزاحیہ اداکار ملک انوکھا کی 12ویں برسی کل ( اتوار) کو منائی جائے گی ۔ ابن صفی 6جولائی 1928ء کو بھارتی شہراتر پردیش کے ضلع الہ آباد کے معروف قصبے نارا میں پیدا ہوئے اور ان کا اصل نام اسرار احمد تھا ۔انہوںنے آگرہ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی تھی اور بطور شاعر وہ اپنا نام اسرار ناروی لکھتے تھے ۔

ابن صفی 1952میں الہ آباد سے ہجرت کر کے کراچی آگئے ۔ ابن صفی نے اپنی زندگی کی شروعات شاعری سے کی تھی ۔ پھر طنزیہ او رمزاحیہ مضامین لکھے جن کی تعداد بھی دو سو سے کم نہیں ۔ انہوںنے کئی انگریزی ناولوں کے اردو میں ترجمے بھی کئے ۔ لیکن انہیں تو خود اردو کا عظیم جاسوسی ناول نگار بننا تھا ۔

(جاری ہے)

اس لئے انہوں نے شاعری اور مزاح نگاری ترک کرکے جاسوسی ناول لکھنے شروع کر دیئے ۔

1952میں ان کا پہلا جاسوسی ناول دلیر مجرم شائع ہوا تھا ۔ جس میں انہوں نے اپنے لافانی کردار فریدی اور حمید کو پیش کیا ۔ بعد میں ایک دوسرے سریز میں انہوں نے جاسوس عمران کا کردار پیش کیا اور یہ کردار بھی یادگار بن گیا ۔ انہوںنے 20 برس کے مختصر عرصے میں 250 سے زیادہ جاسوسی ناول لکھے ۔ یعنی تقریباً ہر ماہ ایک ناول لکھا ۔ حالانکہ پھر ان کے ناول ہر ماہ کراچی اور الہ آباد دونوں جگہوں سے شائع ہونے لگے ۔

ابن صفی کے ناول درجنوں زبانوں میں ترجمہ ہو کر مقبول ہو چکے ہیں اور ان کی سب سے بڑی مقبولیت تو یہ تھی کہ انگریزی کی مشہور ادیب اگاتھا کرسٹی نے کہا تھا اگر چہ میں اردو نہیں جانتی لیکن مجھے بر صغیر کے جاسوسی ناولوں کے بارے میں معلومات ہیں وہاں صرف ایک ہی حقیقی جاسوسی ناول نگار تھا ابن صفی ۔ اس بڑے اردو ادیب کو یہ عظیم الشان خراج عقیدت ہے ۔

اردو کے اس عظیم ادیب 52 سال کی عمر میں 26 جولائی 1980ء کو کراچی میںانتقال کر گئے ۔پاکستان کے معروف مزاحیہ اداکار ملک انوکھا کاا صل نام ملک اکبر عباس تھا مگر ان کوشہرت ملک انوکھا کے نام سے حاصل ہوئی ۔ ملک انوکھا 1943 میں میر پور خاص میں پیدا ہوئے اور16 سال کی عمر میں کراچی سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا اور متعدد سندھی فلموں میں اداکاری کا مظاہرہ کیا، پھر لاہور منتقل ہوگئے جہاں انہوںنے تھیٹر ڈراموں میں کام شروع کیا لیکن ان کو ٹی وی ڈراموں سے شہرت ملی مشہور ڈرامہ ’’وارث ‘‘ملک انوکھا کے کامیاب ترین ڈرامہ تھا جس سے انہیں پہچان ملی ۔

کراچی سینٹر سے ان کے مشہور ڈراموں میں کارواں، سیڑھیاں، باادب با ملاحظہ، منڈی قابل ذکرسیریل تھیں۔انہیںپاکستان کی تمام زبانوں پر عبور حاصل تھا اور یہی ان کی انفرادیت تھی برجستہ مکالموں میں انہیںمہارت حاصل تھی، ملک انوکھا کراچی میں طویل علالت کے بعد 26جولائی 2008ء کو انتقال کرگئے ۔