مکہ میں اُونٹ پر گشت کرنے والا فوجی اہلکار کون تھا؟

معروف شاہراہ پر فوجی وردی میں ملبوس اُونٹ سوار ایک نفسیاتی مریض تھا، جسے دیکھ کر تمام لوگ پریشان ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 25 جولائی 2020 13:41

مکہ میں اُونٹ پر گشت کرنے والا فوجی اہلکار کون تھا؟
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 2 جولائی 2020ء) سعودی عرب میں چند روز قبل ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں مکہ مکرمہ کی معروف شاہراہ پر ایک فوجی اہلکار کو اُونٹ پر گشت کرتے دکھایا گیا تھا۔ معروف شاہراہ پر ایک فوجی کو اُونٹ پر گشت کرتا دیکھ کر گاڑیوں میں سفر کرنے والے بھی پریشان ہو گئے تھے ۔اس ویڈیو کو دیکھ کر سعودی صارفین نے بھی حیرانی کا اظہار کیا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے اونٹوں پر بیٹھ کر گشت اور نگرانی کی ہو۔

لوگوں میں یہ چہ میگوئیاں ہونے لگیں کہ شاید اس بار حج کے باعث سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں جس کے باعث اُونٹوں پر بھی گشت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس کی جانب سے بھی نوٹس لے لیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس نے فوجی وردی میں گشت کرنے والے سعودی کو گرفتار کر نے کے بعد اسے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔

تفتیش کے دوران پتا چلا کہ ملزم فوجی اہلکار نہیں ہے، بلکہ نفسیاتی مریض ہے، جو مختلف دماغی امراض میں مبتلا ہے۔ وہ کافی عرصے سے دماغی امراض کے ایک ہسپتال سے اپنا علاج بھی کرا رہا ہے۔ مکہ پولیس کے ترجمان میجر محمد الغامدی نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے شخص کی عمر 40 سال سے زائد ہے۔اس شخص کو مکہ ریجن کے ضلع الظاہر سے العزازیہ جانے والی سڑک سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ملزم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے اسے تحقیقاتی ادارے کے سپرد کردیاگیا تو طبی معائنے کے بعد پتا چلا کہ اس کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ واقعے کو لے کر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ایک سعودی شہری سمیع نے کہا ”چونکہ پٹرول بہت مہنگا ہو گیا ہے اس لیے اب اونٹوں پر بیٹھ کر نگرانی کی جائے گی“ ۔