کراچی: ڈی ایس پی گلبہار کے دفتر پر کریکرحملہ ناکام

جہاں کریکر پھینکا گیا وہاں دفتر کا سنتری اور دیگر پولیس اہلکار موجود تھے، خوش قسمتی سے دھماکا خیز مواد پھٹ نہ سکا،ایس ایس پی سینٹرل

ہفتہ 25 جولائی 2020 16:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2020ء) کراچی کے ضلع وسطی میں واقع ڈی ایس پی گلبہار کے دفتر پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کریکر سے حملہ کیا تاہم خوش قسمتی سے دھماکا خیز مواد پھٹ نہ سکا۔ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد اور ناظم آباد کے درمیان گجر نالے پر قائم سابقہ سپر مارکیٹ تھانے کی عمارت میں ڈی ایس پی گلبہار کا دفتر قائم ہے۔

پولیس کے مطابق ہفتہ کی دوپہر موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے دفتر کے باہر کریکر سے حملہ کیا اور فرار ہو گئے۔جہاں کریکر پھینکا گیا وہاں دفتر کا سنتری اور دیگر پولیس اہلکار موجود تھے، خوش قسمتی سے دھماکا خیز مواد پھٹ نہ سکا۔ایس ایس پی عارف اسلم راؤنے بتایا کہ فوری طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا جنہوں نے کریکر کو ناکارہ بنایا۔

(جاری ہے)

اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔کراچی میں سندھ رینجرز پر کریکر حملے کے بعد اب ایک پولیس دفتر کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔واضح رہے کہ کراچی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع غیر ملکی دفاتر پر دہشت گردی کے ممکنہ خدشات کے پیشِ نظر سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی تھی۔ادھر آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے ڈی ایس پی گلبہار کے دفتر پر کریکر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ سے تمام تر ضروری پولیس اقدامات اور ملوث ملزمان کے خلاف پولیس کی کارروائی سے متعلق فی الفور تفصیلات طلب کر لی ہیں۔