اے این پی کے یوم تاسیس پر پارٹی شہداء، کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اسفندیارولی خان

پشتونوں کی بقا، دفاع اور حقوق کی جنگ میں ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے،اس تاریخی دن پر ہمیں شہداء کے روحوں کے ساتھ یہ عہد کرنا ہوگا کہ منزل کی جانب سفر رکنے نہیں دیں گے،34ویں یوم تاسیس پر کارکنان کے نام پیغام

ہفتہ 25 جولائی 2020 16:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ پارٹی شہداء اور کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پشتونوں کی بقا، دفاع اور حقوق کی جنگ سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اے این پی کے 34ویں یوم تاسیس کے موقع پر جاری بیان میں مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا کہ ان 34سال اور اس سے پہلے بھی پارٹی قائدین، کارکنان کو جیل کی سختیاں برداشت کرنی پڑیں، فتوے لگائے گئے، غداری کے الزامات لگائے، تشدد کیا گیا، خودکش حملوں اور خودکش حملہ آوروں کے ذریعے ڈرانے اور کمزور کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ہمارے پارٹی کا ہر کارکن ڈٹ کر کھڑا رہا۔

بہت سے رہنمائوں کو شہید کیا گیا لیکن عوامی نیشنل پارٹی آج بھی فخر افغان باچاخان اور رہبرتحریک خان عبدالولی خان کے ارمانوں کے ساتھ اسی جگہ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

اے این پی سربراہ نے کہا کہ باچا خان اور ولی خان نے جو خواب دیکھا تھا اس کی تعبیر کی ایک جھلک 18ویں ترمیم میں حاصل کرچکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آئینی حقوق کی یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوگئی، پختونخوا بن گیا لیکن اپنے حقوق کا تحفظ اب بھی کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ سے دور رکھنے والے سن لیں، ہم اپنے عوام کے درمیان آج بھی موجود ہیں، ان 34سالوں میں ہمیں ختم کرنے یا کمزور کرنے کا ہر حربہ استعمال کیا گیا لیکن جو ہمیں ختم کرنا چاہتے تھے وہ خود ختم ہوگئے اور ہم آج بھی ڈٹ کر اپنی قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس تاریخی دن پر ہمیں اپنے شہداء کے روحوں کے ساتھ یہ عہد کرنا ہوگا کہ منزل کی جانب یہ سفر رکنے نہیں دیں گے۔