حکمرانوں کے مسئلہ کشمیر پر معذرت خواہانہ رویے سے قوم کو سخت مایوسی ہوئی ہے، محمد حسین محنتی

اتوار 26 جولائی 2020 00:00

ٓکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جولائی2020ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے مسئلہ کشمیر پر معذرت خواہانہ رویے سے قوم کو سخت مایوسی ہوئی ہے، ریمنڈ ڈیوس ،ابھی نندن کے بعد کلبھوشن یادو کو بھی بھگانے کیلئے آرڈینننس شہداء کشمیرکے زخموں پرنمک پاشی ہے، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر 5اگست کو کشمیر پر ناجائز قبضے اور بھارتی مظالم کیخلاف کراچی تا کشمور سندھ میں بھی یومِ سیاہ پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ بھارتی فوج نے وادی کشمیر پر ظلم وجبر کی انہتاکردی ہے، بڑے عرصے سے جاری لاک ڈائون وکرفیو نے عوام کی زندگی اجیر بنادی ہے اس تمام صورتحال پر عالمی ضمیر کا خاموش جبکہ پاکستانی حکمرانوں نے زبانی جمع خرج وبیان بازی کے سوا کچھ بھی نہیں کیا ہے حالانکہ کشمیری عوام نہ صرف اپنی بلکہ تکمیل پاکستان کی جنگ لڑرہے ہیں، بھارتی جاسوس کلبھوشن نے بلوچستان سمیت پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کا نیٹ ورک چلانے کا اعتراف کیا تھا جس کو سزا بھی ہوئی ہے مگر نامعلوم پی ٹی آئی حکومت کیوں اس جاسوس کو بچانے اور بھگانے کی کوشش کررہی ہے جس پر قوم کو تحفظات ہیں، کشمیر کیلئے آخری فوجی اور آخری گولی تک لڑنے کا اعلان کرنے والوں کا بھی کشمیری عوام راہ تک رہے ہیں۔

#