امریکہ، نسلی تعصب کے خلاف پر تشدد احتجاج، 45 افراد گرفتار

پیر 27 جولائی 2020 11:18

امریکہ، نسلی تعصب کے خلاف پر تشدد احتجاج، 45 افراد گرفتار
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2020ء) امریکہ کے متعدد شہروں میں ایک بار پھر نسلی امتیاز کے خلاف احتجاج کیا گیا ہے۔ تاہم اب احتجاج پر تشدد ہونے کے باعث پولیس نے گرفتاریاں بھی کی ہیں جب کہ کئی مظاہرین زخمی بھی ہوئے ہیں۔ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں مئی کے آخری ہفتے سے اس وقت سے احتجاج جاری ہے جب میناایپلس میں پولیس کی تحویل میں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی موت ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

ٹرمپ انتظامیہ پورٹ لینڈ میں صورت حال پر قابو پانے کے لیے وفاقی سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو تعینات کر چکی ہے۔ جس کے بعد مظاہرین مشتعل ہیں اور احتجاج میں مزید شدت آنا شروع ہو گئی ہے۔ریاست واشنگٹن کے شہر سیٹل میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس اور فلیش بینگ کا استعمال کیا۔ احتجاج پر تشدد شکل اختیار کر گئے اور کچھ مظاہرین نے املاک کو نقصان پہنچانا شروع کر دیا جب کہ ایک ٹرک کو آگ بھی لگائی گئی۔احتجاج کے پر تشدد ہونے پر پولیس نے اسے فسادات قرار دیا جب کہ حکام نے 45 افراد کے گرفتار ہونے کی بھی تصدیق کی۔