مکہ مکرمہ میں عید الاضحی کی نماز کے لیے سینکڑوں مساجد مختص کر لی گئیں

516 مساجد میں صفائی ستھرائی اور نمازیوں کے درمیان فاصلے کے لیے نشانات لگا ئے جائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 27 جولائی 2020 12:07

مکہ مکرمہ میں عید الاضحی کی نماز کے لیے سینکڑوں مساجد مختص کر لی گئیں
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جولائی 2020ء) وزارت اسلامی امور کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ کی 516 مساجد میں عید الاضحی کی نماز ادا کی جائے گی۔ تاہم اس دوران سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا جائے گا اور کوروناکے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ماسک کی پابندی بھی لازمی ہو گی۔ وزارت اسلامی امور کی انسپکشن ٹیمیں عید کی نماز کے لیے مختص مساجد میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لے رہی ہیں، ان میں خواتین اہلکار بھی شامل ہیں جو مسجد کے زنانہ حصے کی انسپکشن کر رہی ہیں۔

وزارت اسلامی امور کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ صفوں کے درمیان سماجی فاصلے کے اصول کے تحت نمازیوں کو ایک دوسرے سے دُور رکھنے کے لیے قالینوں پر نشانات لگائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مساجد میں جراثیم کُش ادویات کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے عید کی نمازاور خطبہ کے لیے ائمہ اور خطیبوں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

وزارت کی جانب سے ان تمام مساجد کی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جہاں رواں سال عید الاضحی کی نماز پڑھائی جائے گی۔ عید کے اجتماعات کے دوران ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی لازمی ہو گی۔ تمام افراد اپنی جائے نماز لے کر آئیں گے۔ جبکہ مساجد میں تلاوت کے لیے قرآن پاک لانے کی اجازت نہیں ہو گی۔جبکہ کورونا کی وبا کے دوران تمام مساجد میں آنے والے افراد کے لیے قرآن پاک کے نسخے ہٹا دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس بار عید الاضحی کے موقع پرجدہ کی تمام بڑی چھوٹی مساجد میں عید کی نماز ادا کی جائے گی، تاہم عید گاہوں میں نماز عید ادا کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ یہ فیصلہ سعودی اور تارکین باشندوں کو کورونا کی وبا سے بچانے کی خاطر کیا گیا ہے۔ جدہ کی تمام مساجد میں عید الاضحی کی نماز کے سلسلے میں تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔