سعودی بارڈ فورسز نے بھاری مقدار میں منشیات کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی

پیر 27 جولائی 2020 13:24

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2020ء) سعودی عرب کی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے ماہ ذی القعدہ میں خشکی اور سمندر کے راستے سے منشیات کی سرحد پار سے سمگلنگ کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات قبضے میں لینے کے ساتھ اس مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کو حراست میں لے لیا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی بارڈر سکیورٹی فورسز کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل میسفر بن غنام القرینی نے انکشاف کیا کہ جنوبی علاقوں (جازان ، نجران ، عسیر) اور تبوک علاقے کی حدود سے سرحد پار سے منشیات کی سمگل کرنے کئی کوششیں ناکام بنائی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ اسلامی مہینے کے دوران 937 کلوگرام بھنگ ، 18،893 کلو قات ، 640،295 امفیٹامین گولیاں اور 6،809 گرام منشیات افیم سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے یہ تمام منشیات قبضے میں لے لی گئیں۔ انہوںنے بتایا کہ سمگلروں کے خلاف کارروائی کے دوران ایتھوپیا 42 ملزمان سمیت 196 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں یمن کے 32 ، چار سعودی ، چار اردنی، ایک مصری اور ایک اریٹریا کا سملگر شامل ہے۔