سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تارکین خبردار ہو جائیں

بغیر اجازت حج مقامات پر جانے پر ڈی پورٹ کر دیاجائے گا اور آئندہ داخلے پر پابندی عائد ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 27 جولائی 2020 13:05

سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تارکین خبردار ہو جائیں
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جولائی 2020ء) سعودی حکومت کی جانب سے مملکت میں مقیم تما م تارکین وطن کو خبردار کر دیا گیا ہے کہ اگر کوئی غیر ملکی بغیر اجازت حج مقامات پر جانے کی کوشش کرتا ہوا پکڑا گیا یا حج ہدایات کی خلاف ورزی کی تو اسے مملکت سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا اورآئندہ وہ کسی بھی ویزے پر مملکت میں داخل نہیں ہو سکے گا، جبکہ بے دخلی سے قبل جرمانہ بھی بھرنا ہو گا۔

سعودی محکمہ امن کے مطابق ہفتہ کے روز بغیر اجازت حج مقامات کا رُخ کرنے والے 16 تارکین گرفتار کر لیے گئے جن پر 16ہزار فی کس کے حساب سے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اس محکمے کے ٹویٹر بیان پر کہا گیا ہے کہ بغیر اجازت منیٰ، مزدلفہ، عرفات اور مکہ جانے والوں کو ڈی پورٹ کر دیا جائے گا اور ان کے سعودی عرب میں ایک خاص مُدت تک کسی بھی ویزے پر داخلے پر پابندی ہو گی۔

(جاری ہے)

حج روڈ سکیورٹی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مکہ کے اطراف تمام چیک پوسٹیں موثر کردی ہیں۔محکمہ پاسپورٹ نے پھر انتباہ کیا ہے کہ حج ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے ہوں گے اور انہیں قید کی سزائیں دی جائیں گی جو ٹرانسپورٹ کمپنی لائسنس کے بغیر کسی کو حج کے بغیر لے جائے گی اسے سزا دی جائے گی۔یاد رہے کہ حج مقامات مشاعر مقدسہ (منیٰ ، عرفات اور مزدلفہ) میں داخلے پرپابندی کا نفاذ اتوار 19 جولائی سے ہو گیا ہے جو 12 ذوالحجہ تک جاری رہے گا۔

وزارت داخلہ نے 12 جولائی کو جاری اعلامیے میں کہا تھا کہ بغیر حج پرمٹ کے مشاعر مقدسہ جانے والوں پر10 ہزارریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ خلاف ورزی دہرانے پر جرمانے کی رقم دوگنا کر دی جائے گی۔ کسی بھی سعودی شہری یا مقیم غیرملکی کو اجازت نامے کے بغیر حج مقامات پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلاف ورزیاں کرنے والوں کو سزائیں دی جائیں گی۔ حج کے موقع پر کرفیو نہیں لگایا جائے گا البتہ سیکیورٹی اہلکار حج اجازت نامے نہ رکھنے والوں کو حج مقامات پر جانے سے روکنے کے لیے مکہ کے باہر چیک پوسٹوں پر روکیں گے۔حج سیکیورٹی فورس ضرورت پڑنے پر بعض علاقوں میں لاک ڈاوٴن یا بعض شاہراہوں کو بند کرسکتی ہے۔