محنت، دیانت اور لگن سے کام کرنا سنت ہے اور جو لوگ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کام کر رہے ہیں ان کی ہر مقام پر پذیرائی ہونی چاہئے‘ڈاکٹر رائے سمیع اللہ

پیر 27 جولائی 2020 14:38

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2020ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سرگودھا ڈاکٹر رائے سمیع اللہ گٹ نے کہا ہے کہ محنت، دیانت اور لگن سے کام کرنا سنت ہے اور جو لوگ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کام کر رہے ہیں ان کی ہر مقام پر پذیرائی ہونی چاہئے۔انہوں نے ایڈہاک اور کنٹریکٹ سے ریگولر ہونے والے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویڑن کے مطابق ضلع سرگودھا میں موذی امراض کی مزید روک تھام کیلئے ماسٹر پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کیلئے محکمہ صحت تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔

اس ضمن میں جو اہلکار دلجمعی سے کام کریں گے انہیں شاباش دی جائے گی اور محکمہ صحت کے جو اہلکار سستی، کاہلی کے مرتکب ہوئے ان کیلئے محکمہ میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سالہا سال سے کنٹریکٹ اور ایڈہاک پر فرائض سر انجام دینے والے 11 سی ڈی سی سپر وائزرٍ، ایک کمپیوٹر آپریٹر، تین ڈینٹل ٹیکنیشن، 8 ڈسپنسر، تین او ٹی اے، ایک پتھالوجی ٹیکنیشن، 10 سینٹری انسپکٹرز، دو سٹور کیپر اور 34 ویکسی نیٹرز کو مستقل نوکری کے آرڈرز دیئے گئے۔

اس موقع پر پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے مستقل ہونے والے محکمہ صحت کے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب ان پر ذمہ داری بڑھ گئی ہے کہ وہ پہلے سے بڑھ کر دکھی انسانیت کی خدمت کریں، اپنے اپنے شعبہ جات میں اتنا کام کریں تا کہ سرگودھا کے ملازمین دوسرے اضلاع کیلئے مثال بن جائیں۔انہوں نے مستقل ہونے والے ملازمین اور پہلے سے ضلع میں کام کرنے والے پیرا میڈیکل سٹاف کو ہر طرح سے اپنے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ہم سب ایک ہیں، ہمیں مل کر دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے۔