موٹروے میں5 روپے کی کرپشن ثابت ہوجائے تو اللہ میری نسلوں کو غارت کردے

اگر وزیر مراد سعید کا الزام جھوٹا ہے تو اللہ اس کی نسلوں کو غارت کردے، قومی اسمبلی اپنی نگرانی میں تمام انٹیلی جنس ایجنسیوں پر مبنی کمیٹی بنائے اور مجھ سے تحقیقات کی جائیں۔ ن لیگی رہنماء احسن اقبال کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 27 جولائی 2020 21:46

موٹروے میں5 روپے کی کرپشن ثابت ہوجائے تو اللہ میری نسلوں کو غارت کردے
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جولائی 2020ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملتان سکھر موٹروے میں5روپے کی کرپشن ثابت ہوجائے تو اللہ میری نسلوں کو غارت کردے، اگر وزیر مراد سعید کا الزام جھوٹا ہے تو اللہ اس کی نسلوں کو غارت کردے، قومی اسمبلی اپنی نگرانی میں تمام انٹیلی جنس ایجنسیوں پر مبنی کمیٹی بنائے اور مجھ سے تحقیقات کی جائیں۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر مراد سعید کے نکات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر موصوف نے فروری2019ء میں ٹی وی پر پریس کانفرنس کی کہ احسن اقبال نے ملتان سکھر موٹروے میں 50 ارب کا کمیشن کھا لیا ہے، انہوں نے اعلان کیا کہ ہم جے آئی ٹی بنا رہے ہیں، اس میں آئی ایس آئی، آئی بی، تحقیقاتی ایجنسیاں شامل ہوں گی، ہم دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کریں گے۔

(جاری ہے)

میں اس جے آئی ٹی کا منتظر ہوں، آج جولائی 2020ء ختم ہوگئی ہے۔میں ایوان سے مطالبہ کرتا ہوں پاکستان کی ساری انٹیلی جنس ایجنسیوں کو اکٹھا کرلیں، آئی ایس آئی ، ایم آئی ، آئی بی ،ایف آئی اے کو لے آئیں، اپنی نگرانی میں جے آئی ٹی بنائیں۔اللہ گواہ ہے اگر میں نے پانچ روپے کا کمیشن لیا ہو، ثابت ہوجائے تو اللہ میری نسلوں کو غارت کردے اور یہ وزیر بھی بیان دے اگر یہ سچا ہے اور مجھ پر کرپشن ثابت نہ تو اللہ اس کی نسلوں کو غارت کردے۔

انہوں نے کہا کہ دیر چکدرہ چترال موٹروے منصوبہ پی ٹی آئی نے پلان سے نکال۔ ڈیرہ اسماعیل خان ژوب موٹروے 2018ء میں مکمل ہونا تھی مگر اب 2020ء میں مکمل ہوگی۔ بیلا آواران موٹروے بنانا طے ہوچکا تھا۔ میرے اوپر 50 ارب روپے کے کمیشن کا الزام وزیر مواصلات نے لگایا۔ 2020ء مکمل ہونے کو ہے مگر جے آئی ٹی نہیں بنی۔ ملتان سکھر موٹروے پر اگر میں نے پانچ روپے کمیشن لیا ہو تو اللہ کے ناموں کے نیچے کھڑے ہوکر کہتا ہوں اللہ میری نسلوں کو غارت کردے۔

یہ وزیر بھی اللہ کے ناموں کے نیچے کھڑے ہوکر یہی الفاظ کہے۔ اگر تحقیقات کرنی ہے تو آئی ایس آئی‘ آئی بی جس مرضی ایجنسی سے تحقیقات کرالیں۔ احسن اقبال نے مراد سعید کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر موصوف کو شاید میری نہیں قادر پٹیل کی باتوں کی سمجھ آتی ہے۔ چترال چکدرہ روڈ کس نے سی پیک میں شامل کی معاملہ سی پیک پارلیمانی کمیٹی کو بھیجیں۔ میں نے سادہ جواب دیا کیا میں نے پچاس ارب کی کرپشن کی۔ ملتان سکھر موٹر وے پر 2013ء میں چین کی بڑی تعمیراتی کمپنی نے فریبلٹی سٹڈی کی مفت پیش کش کی۔ حکومت پاکستان نے اس کو قبول کیا۔ اس ایم او یو کو ٹھیکے کا نام دیا جاتا ہے۔