آئی سی سی کا 30 جولائی سے کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا اعلان

لیگ کی پہلی 7 ٹیموں کو میگا ایونٹ میں براہ راست شرکت کا پروانہ جاری ہوجائے گا

پیر 27 جولائی 2020 22:40

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2020ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مردوں کی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا اعلان کردیا جس کا آغاز 30 جولائی سے ہوگا۔آئی سی سی کے بیان کے مطابق سپر لیگ کا آغاز 30 جولائی کو ساؤتھمپٹن میں عالمی چمپئن انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان سیریز سے ہوگا،سپر لیگ سے ورلڈ کپ 2023 کے لیے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا فیصلہ ہوگا،12 فل ممبر ملکوں اور ایک کوالیفائر نیدرلینڈز میں سے ہر ایک کو 3،3 میچز پر مشتمل 4 ہوم اور اتنی ہی بیرون ممالک ون ڈے سیریز کھیلنا ہوں گی،ان میں سے پہلی 7 ٹیموں کو میگا ایونٹ میں براہ راست شرکت کا پروانہ جاری ہوجائے گا۔

آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ آپریشنز جیف ایلرڈائس نے کہا کہ ورلڈ کپ سپر لیگ کا عالمی چمپئن انگلینڈ اور آئرلینڈ کے مقابلوں کے ساتھ آغاز خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کے انعقاد سے قبل ہونے والے ایک روزہ میچز میں شائقین کی دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے لیگ اہم کردار ادا کرے گی۔انہوںنے کہاکہ ورلڈ کپ کا 2023 کے آخر میں انعقاد کے حوالے سے گزشتہ ہفتے کے فیصلے سے ہمیں ان میچز کو شیڈول کرنے کے لیے زیادہ وقت مل گیا، جو کورونا وائرس کی وجہ سے ممکن نہیں ہوپائے۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ اس بار حالات پچھلی دفعہ اپنے ملک میں کھیلنے سے مختلف ہوگی جب ہم نے لارڈز میں ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائی تھی لیکن یہ بات خوش آئند ہے کہ ہم ایونٹ کے اگلے ایڈیشن کے لیے اپنے سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ دنیا بھر میں کرکٹ فینز وائٹ بال کرکٹ کی بحالی کے لیے بے چین ہوں گے اور ہم اب اس چیلنج کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

آئرلینڈ کے کپتان اینڈریو بیلبرائن نے کہا کہ ورلڈ کپ سپر لیگ میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔انگلینڈ کے خلاف سیریز کے حوالے سے انہوںنے کہاکہ یقینی طور پر اس ٹیم کے خلاف کھیلنا چیلنج ہوگا جس نے ایک سال قبل ہی ورلڈ کپ جیتا ہے، تاہم ہم نے بھرپور تیاری کی ہے اور رواں سال کے آغاز میں ہماری کارکردگی سے ہمیں اعتماد ملا ہے۔