سعودی شہری نے نبیﷺ کی محبت میں انوکھی مثال قائم کر دی

محقق سمیر برقہ نے ان ایک ہزار سے زائد مقامات کا سفر کرڈالا جہاں نبی کریمﷺ نے مختصر یا طویل مُدت کے لیے قیام فرمایا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 28 جولائی 2020 10:00

سعودی شہری نے نبیﷺ کی محبت میں انوکھی مثال قائم کر دی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جولائی 2020ء) اس کائنات میں نبی کریم سے بے پناہ مودت و عقیدت رکھنے والوں کی تعداد بے انتہا ہے۔ ہر دور میں عاشقِ رسولﷺ پیدا ہوتے رہے ہیں اور حُبِ نبوی کا اپنے اپنے انداز سے اظہارکرتے رہے ہیں۔ موجودہ دور میں سعودی شہری سمیر برقہ بھی انہی میں سے ایک ہیں جنہوں نے سیرت نبوی کی تاریخ کو سادہ اور پر کشش انداز سے محفوظ کیا ہے۔

اس مقصد کے لیے مذکورہ شہری نے ایک ہزار کے قریب سفر کیے ہیں۔ سیرت نبوی کے میدان کے محقق سمیر برقہ نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ "میں 40 برس سے سیرت نبوی کی تاریخی اور اس کے یادگار مقامات کی تحقیق سے شغف رکھتا ہوں۔ اس مقصد کے لیے میں نے کتب بینی کی اور بعض یادگار مقامات کا دورہ کیا۔ عملی زندگی سے ریٹائرمنٹ کے بعد میں نے اپنے برسوں پرانے شوق اور شغف کو جلا بخشنے کے بارے میں سنجیدگی سے سوچا۔

(جاری ہے)

لہذا گذشتہ 14 برسوں کے دوران میں نے سیرت نبوی سے متعلق یادگار مقامات کے حوالے سے 1079 اسفار کیے۔ سیرت نبوی کی تاریخ کے حوالے سے میرے اسفار، تحقیق اور مطالعے کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے"۔سمیر برقہ کے مطابق ان کے اسفار میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، غار ثور، غار حراء، ہجرت کا راستہ، طائف، خیبر، العلا اور بدر وغیرہ کے مقامات شامل ہیں۔

سعودی محقق نے بتایا کہ ان کے اسفار کا مقصد سیرت نبوی کی تاریخ کی جان کاری حاصل کرنا، اس کو محفوظ کرنا اور لوگوں کو اس سے متعارف کرانا ہے۔
سمیر برقہ نے اپنی گفتگو کے اختتام پر بتایا کہ "میں نے ان تمام اسفار کی روشنی میں 9 دستاویزی کتب تیار کیں۔ ان کے علاوہ رہبر (گائیڈ) کے پیشے سے آگاہی حاصل کی اور سیرت نبوی کے یادگار مقامات کے حوالے سے کئی تحقیقی مطالعے سامنے آئے"۔