شارجہ میں کم سن لڑکی اپارٹمنٹ سے گر کر ہلاک

بدقسمت بچی کے والدین کئی گھنٹے تک اس کی موت سے انجان گہری نیند سوتے رہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 28 جولائی 2020 11:29

شارجہ میں کم سن لڑکی اپارٹمنٹ سے گر کر ہلاک
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جولائی 2020ء) شارجہ میں ایک المناک سانحہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک چودہ سالہ لڑکی اپنے اپارٹمنٹ سے گراؤنڈ فلور پر گرکر ہلاک ہو گئی ہے۔ پولیس کے مطابق بچی کا تعلق بھارت کی ریاست کیرالا سے ہے۔ یہ واقعہ رات کے وقت ڈھائی بجے پیش آیا۔ بچی کے والدین اپنی لخت جگر کی موت سے بے خبر کئی گھنٹے سوتے رہے ۔ انہیں اس واقعے کی خبر تب ہوئی جب پولیس اور طبی امداد کی ٹیموں نے انہیں آ کر جگایا۔

بدنصیب والدین یہ خبر سُن کر سکتے میں آ گئے۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آدھی رات کے وقت کسی شخص نے ایک شدید زخمی لڑکی کو دیکھ کر پولیس کا اطلاع دی جس کے بعد طبی امداد کی ٹیمیں اور ریسکیو عملہ چند منٹوں کے اندر جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور اسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

تاہم ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ہسپتال لائے جانے سے کافی دیر پہلے ہی دم توڑ چکی ہے۔

پولیس کے مطابق اس واقعے میں خود کُشی کے پہلو کونظر انداز نہیں کیا جا سکتا، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی مزید حقائق سامنے آ سکیں گے۔ بچی کے والدین کافی عرصہ سے شارجہ کے علاقے التعاون کی ایک رہائشی بلڈنگ میں مقیم تھے۔ ان کی دو جڑواں بیٹیاں تھیں، جن میں سے ایک کی زندگی ختم ہو گئی۔ مرنے والی بچی عجمان کے ایک سکول میں دسویں جماعت کی طالبہ تھی۔

مقامی چرچ میں بچی کے لیے دُعا بھی کرائی گئی۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل دُبئی میں مقیم ایک افغانی لڑکی سیلفی لینے کے دوران کثیر منزلہ عمارت کی 17 ویں منزل سے اچانک نیچے جا گری تھی جس کے باعث اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ مقامی اخبار کے مطابق 16 سالہ افغانی لڑکی اپنے والدین کے اپارٹمنٹ میں مقیم تھی جو الشیخ زاید روڈپر ایک کثیر منزلہ عمارت کی 17 ویں منزل پر واقع تھا۔

وقوعہ کے وقت وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ اپارٹمنٹ کی بالکونی میں موجود تھی۔اْس نے کْرسی بالکونی کے کنارے لگائی۔ اور اس پر کھڑی ہو کر اپنی سیلفی بنانے لگی۔ اچانک کْرسی اْس کے نیچے سے پھسل گئی اور وہ اپنا توازن کھو کر بالکونی سے باہر کی جانب گراوٴنڈ فلور پر جاگری۔اْونچائی سے گرنے کے باعث بدنصیب لڑکی کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ دْبئی پولیس کے سیکیورٹی انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل فیصل القاسم نے کہا ہے کہ شہری کثیر منزلہ عمارتوں میں سیلفی لینے کے دوران بہت زیادہ احتیاط سے کام لیا کریں۔