20، 25سالوں سے ایک امیدوار کو بار بار ٹکٹ دینا دیگر امیدواروں کے ساتھ زیادتی ہے‘عوام کوٹلہ

منگل 28 جولائی 2020 13:22

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2020ء) عوام کوٹلہ نے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گزشتہ دور حکومت کی غلطیاں دوبارہ نہ دہرائیں ،20، 25سالوں سے ایک امیدوار کو بار بار ٹکٹ دینا دیگر امیدواروں کے ساتھ ذیادتی ہے ،حلقہ ایک کوٹلہ کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے 2021ء کے الیکشن میں ٹکٹ ممبر کشمیر کونسل و پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما میر محمد یونس کو دیں جو علاقے کی پسماندگی ،تعمیر و ترقی سمیت دیگر معاملات کو یکسو کریں ، عوام علاقہ سیدپور ،راجپیاں،راجکوٹ،سریاں،سری سچہ،بھیڑی،مچھیارہ،گراکھاں،اپرٹوپا،بٹ درہ ،بٹکلس،لڑی سمیت دیگر علاقوں کا مطالبہ ، عوام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 72سالوں سے حلقہ ایک کوٹلہ کو پسماندگی سے باہر نکلنے کا کسی بھی جیتنے والے امیدوار نے نہیں سوچا،ہر5سال جیتنے کے بعد وقت گزار کر دوبارہ الیکشن کی تیاری کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج تک حلقہ ایک کوٹلہ کے مختلف علاقوں میں نہ تو پل تعمیر ہوسکے نہ ہی واٹر سپلائی عوام تک پہنچ سکی ، سڑکوں کی خستہ خالی ، لوگ قدیمی دور کی طرح زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ، بڑے بڑے نالوں پر پل بنانے کے بجائے ، درخت کاٹ کر پل بنارکھے ہیں جس پر آدمی کا چڑھنا بھی مشکل ہے ، وہاں ایک مرتبہ پھر اُنہی امیدواروں کو ٹکٹ دینا عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ میر یونس ایک بزنس مین ہیں اُن کے پاس اللہ کا دیا سب کچھ ہے ، عوام امید کرتی ہے کہ 2021ء میں اگر پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت ٹکٹ میر محمد یونس کو دیتی ہے تو وہ علاقے کی پسماندگی دور کرسکتے ہیں ،بصورت دیگر عوام میر محمد یونس کو آزاد امیدوار کے طور پر سامنے لانے پر مجبور ہوجائے گی اور پھر سرعام اُن کی حمایت کا اعلان کرے گی ۔اُنہوں نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو،آصف علی زرداری ، محترمہ فریال تالپور ،صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر ،سیکرٹری جنرل فیصل راٹھور ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات سردار جاوید سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مرتبہ ٹکٹ میر محمد یونس کو دلانے کیلئے جدوجہد کریں اور اُن کی 5سال کی کارگردگی دیکھیں ۔