کرونا بحران میں اپنی ذاتی مجبوریوں کو نظرانداز کر کے سماجی خدمت کرنے والے تمام لوگ خراج تحسین کے مستحق ہیں‘سردار عتیق احمد خان

چوہدری اخترحسین ان تارکین وطن میں شامل تھے جنہوں نے اپنے وسائل اور صلاحیتوں کو آزادکشمیر میں کرونا بحران سے نمٹنے کے لیے وقف کیا

منگل 28 جولائی 2020 13:22

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2020ء) راولپنڈی آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد اور سابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ کرونا بحران میں اپنی ذاتی مجبوریوں کو نظرانداز کر کے سماجی خدمت کرنے والے تمام لوگ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔انہی لوگوں کے بے لوث جذبات کی وجہ سے ہم کسی بڑے بحران کا اور انسانی جانوں کے نقصان سے بچ گئے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے چیئرمین چوہدری محمداخترسے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر منیجر کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ سردارساجد دلاور، برطانیہ سے معروف نعت خواں نصیب عباس اور سرداروقاص جاوید موجود تھے۔اس موقع پرسردارعتیق احمدخان نے کہا کہ چوہدری اخترحسین ان تارکین وطن میں شامل تھے جنہوں نے اپنے وسائل اور صلاحیتوں کو آزادکشمیر میں کرونا بحران سے نمٹنے کے لیے وقف کیا اور وہ خود بھی اس وباسے متاثر ہوئیمگر انہوں نے کسی طور پرہار نہیں مانی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام نے مجموعی طور پر لاک ڈائون او ایس او پیز پر عمل کر کے معاشرے کو بڑی تباہی سے بچایا۔اب عید الاضحی کے موقع پر بھی آزادکشمیر کے عوام باشعور ہونے کا ثبوت دیں گے۔سردارعتیق احمدخان نے مزید کہا کہ تارکین وطن نے ہر بحران میں اپنے لوگوں کی مدد کر کے قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔تحریک آزادی کے سفارتی محاذ پر بھی ان کی خدمات قابل تعریف ہیں۔

سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ چوہدری اخترجیسے لوگ معاشرے اور نوجوانوں کے لیے رول ماڈل کا درجہ رکھتے ہیں۔ انسانیت کی خدمت ایک عظیم جذبہ ہے جس کی قدر ہونی چاہیے۔دریں اثنا قائدمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان نے مجاہد منزل میں مسلم کانفرنس ضلع کوٹلی کے صدر راجہ آفتاب اکرم نے ملاقات کی اور انہیں حلقہ کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔