Live Updates

حکومت آزادکشمیر فوری طورپر یونیورسٹی طلبہ کی فیسز معاف کرے‘خواجہ فاروق احمد

منگل 28 جولائی 2020 13:56

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جائنٹ سیکرٹری وسابق وزیر خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر فوری طورپر یونیورسٹی طلبہ کی فیسز معاف کرے،خاص طورپر کرونا ایمرجنسی کے دوران بند رہنے والی جامعات کے طلبہ وطالبات کی فیسیں معاف کی جائیں۔یونیورسٹی کی طرف سے فیسوں میں بھاری اضافے کے بعد 2ہزار روپے کمی کا اعلان طلبہ وطالبات کے جذبات سے کھلواڑ ہے۔

یونیورسٹی طلبہ کئی ہفتوں سے احتجاج پر ہیں مگر حکمران ٹس سے مس نہیں ہورہے۔آزاد خطہ کے اندر نوجوانوں کا جوق درجوق تحریک انصاف میں شامل ہونا اس بات کا غماز ہے کہ آزاد خطہ کے اندر بھی عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور آزادکشمیر کے اندر تحریک انصاف کے نظریے کوفروغ مل رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ تین مظفرآباد شہر کے تین مقامات میرا تنولیاں،پلیٹ اور بیلہ نور شاہ میں نوجوانوں کے پی ٹی آئی میں شمولیت کے اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر راجہ شایان،منصور ڈار،عبدالہادی خان،میکائل خان،ولید،ارسلان،عمیز،حمزہ شاہ،عبداللہ خان،حسن چشتی،آفاق،عمر،عاطف خواجہ،ارقم،خواجہ سعد بن وحید،واسع میر،وقاص بٹ،حامر شیخ،فدک بٹ،عمر لودھی،احمد امجد،فہد قیوم میر،صلاح الدین،عزیزکیانی اور دیگر نوجوانوں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔خواجہ فاروق احمد نے اس موقع پر کہا کہ آزادکشمیر کے اندر تحریک انصاف برسرا قتدار آکر میرٹ اور گڈگورننس کے نام پر فراڈ اور عوام کو دھوکہ دینے کا باب ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم کرے گی۔

نوجوان آزاد خطہ کے اندر حقیقی تبدیلی اور عمران خان کے ویژن کی تکمیل کے لیے ہر اول دستے کا کردار اداکریں۔اللہ کے فضل وکرم سے تحریک انصاف آزادکشمیر کے اندر سب سے بڑی عوامی قوت بن چکی ہے اور آمدہ انتخابات میں دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات