پی آئی اے نے کیبن کریو کے لیے پرواز سے قبل نشہ آور ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا

سول ایوی ایشن کی ہدایت پر پائلٹس اور کاک پٹ عملے کا پہلے ہی ٹیسٹ کیا جا رہا ہے، ٹیسٹ کا مقصد کریو میں نشہ آور اشیاء کی روک تھام ہے، نوٹیفکیشن جاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 28 جولائی 2020 16:16

پی آئی اے نے کیبن کریو کے لیے پرواز سے قبل نشہ آور ٹیسٹ لازمی قرار دے ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جولائی 2020ء) قومی ایئرلائن پی آئی اے نے کیبن کریو کیلئے پرواز سے قبل نشہ آور ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا۔ سول ایوی ایشن کی ہدایت پر پائلٹس اور کاک پٹ عملے کا پہلے ہی ٹیسٹ کیا جا رہا ہے، ٹیسٹ کا مقصد کریو میں نشہ آور اشیاء کی روک تھام ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن نے پائلٹس اور کاک پٹ عملے کے بعد اب کیبن کریو کیلئے بھی پرواز سے قبل نشہ آورٹیسٹ کروانا لازمی قرار دے دیا ہے۔

پائلٹس، کاک پٹ عملے اور کیبن کریو کیلئے پرواز سے پہلے الکوحل ڈوپ ٹیسٹ کا مقصد نشہ آور اشیاء کی روک تھام ہے۔ پی آئی اے کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ پرواز سے قبل کیبن کریو کیلئے سانس کا معائنہ کروانا لازمی کردیا ہے۔ اندرون اور بیرون ملک تمام پروازوں پر تعینات کیبن کریو کو جہاز میں سوار ہونے سے قبل سانس کا معائنہ کروانا ضروری ہوگا۔

(جاری ہے)

کیبن کریو کے سانس کا معائنہ بریفنگ رومز میں پی آئی اے کے فلائٹ سرجنز اور میڈیکل آفیسر خود کریں گے۔ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی جانب سے یہ اقدام عالمی فلائٹ سیفٹی قواعد و ضوابط اور انٹرنینشل سول ایوی ایشن رولز کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کیبن کریو کیلئے پی آئی اے میڈیکل ڈویژن کی نئی ایڈوائزری فوری طور پر نافذالعمل ہوگی۔

دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے چترال میں اے ٹی آر طیارہ اور کراچی میں پی آئی اے جہاز حادثہ کیس میں شفاف تحقیقات کرانے سے متعلق درخواست پر فریقین سے 18 اگست کو مزید تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ سندھ ہائیکورٹ میں چترال میں اے ٹی آر طیارہ اور کراچی میں پی آئی اے جہاز حادثہ کیس میں شفاف تحقیقات کرانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سول ایوی ایشن نے ضمنی رپورٹ عدالت میں پیش کردی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کیس سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں، حتمی رپورٹ کے لیے مہلت دی جائے جس پر عدالتی معاون حسیب جمالی ایڈووکیٹ نے بتایا کے سول ایوی ایشن والے جان بوجھ کر حقائق سامنے نہیں لارہے طیارہ حادثے سے متعلق رپورٹس سامنے آگئیں تو یہ لوگ ایکسپوز ہوجائیں گے، جس پر عدالت نے سول ایوی ایشن سے مزید تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔