ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا مالی سال21 2020-کا پہلا اجلاس ،1ارب78کروڑ روپے سے زائد مالیت کی13 منصوبہ جات زیر غور لائے گئے

منگل 28 جولائی 2020 23:57

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2020ء) آزاد جموں وکشمیر ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا مالی سال21 2020-کا پہلا اجلاس منگل کے روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں 1ارب78کروڑ روپے سے زائد مالیت کی13 منصوبہ جات زیر غور لائے گئے ۔ اجلاس میں حکومت پاکستان کے نمائندگان کے علاوہ متعلقہ ترقیاتی محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان اور سربراہان محکمہ کے علاوہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے آفیسران نے شرکت کی ۔

جن اہم منصوبہ جات کو زیر غورلایا گیا ان میں آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں اور کمیونٹی کے لیے کھیلوں کے میدان ، نیوسول سیکرٹریٹ مظفرآبادمیں ہیلی پیڈ کے مقام پر ) Mini Stadium / Prade Ground )کی تعمیر ، ضلعی ہیڈ کوارٹر کوٹلی میں سرکاری ملازمین کے لیے رہائشی کوارٹر کی تعمیر ، ضلع جہلم ویلی میں ریشیاں موجی تا کپہ گلی روڈ لمبائی 18کلومیٹر ، ضلع سدھنوتی میں سو ا کراس تا گوئیں نالہ روڈ لمبائی 3.5کلومیٹر ، ضلع بھمبر تا سماہنی روڈ لمبائی 6.8کلومیٹر ، آزاد کشمیر (North Zone)کے موجودہ پل ہا ء کی مرمتی و بحالی کے علاوہ 5تحصیلوں( چک سواری ، کھوئی رٹہ ، ہجیرہ ، کہوٹہ اور ہٹیاں بالا ) میں ٹرانسفارمرز مرمتی ورکشاپ ہاء کی تعمیر کے منصوبہ جات شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین نے کہا کہ آزاد کشمیر بھر میں وزیراعظم کے ویژن کے مطابق ترقیاتی عمل بھرپور انداز سے جاری ہے۔ ترقیاتی منصوبہ جات مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جارہے ہیں ۔نیا مالی سال شروع ہو چکا ہے تمام محکمہ جات مالی سال کے آغاز سے ہی ترقیاتی عمل کو بہترین انداز میں شروع کریں تاکہ مالی سال کے اختتام تک مقررہ اہداف حاصل کیے جاسکیں۔

سیکرٹری صاحبان اور سربراہان محکمہ جات ترقیاتی عمل کو مزید بہتر کریں تاکہ انکے ثمرات جلد از جلد عام آدمی تک پہنچ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ جات کو عوامی ضروریات کے پیش نظر ترتیب دیا جائے اور غیر ضروری اخراجات سے اجتناب کیا جائے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سیکرٹریز حکومت کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی عمل کی مانیٹرنگ کریں اور منصوبہ جات کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنائیں۔