الیکشن کمیشن میں فیصل واوڈا کی دوہری شہریت کا کیس سماعت کیلئے مقرر

فریقین نے 4 اگست تک جواب نہیں دیا تو موجودہ ریکارڈ کی بنیاد پر فیصلہ سنا دیا جائے گا، الیکشن کمیشن

منگل 28 جولائی 2020 21:50

الیکشن کمیشن میں فیصل واوڈا کی دوہری شہریت کا کیس سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2020ء) الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی دوہری شہریت کیس کی سماعت کے لیے 4 اگست کی تاریخ مقرر کردی۔الیکشن کمیشن کے مطابق فریقین نے جواب نہیں دیا تو موجودہ ریکارڈ کی بنیاد پر فیصلہ سنا دیا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ 4 اگست کو فریقین خود پیش ہوں یا اپنے وکلاء کو بھیجیں۔

خیال رہے کہ فیصل واوڈا کو نااہل قرار دینے کے لیے قادر مندوخیل نے درخواست دائر کر رکھی ہے،فیصل واوڈا نے عام انتخابات میں این اے 249 سے الیکشن میں کامیابی حاصل کی تھی۔رواں سال جنوری میں جنگ اور دی نیوز کے صحافی فخر درانی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ فیصل واوڈا نے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت دہری شہریت کو چھپایا تھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق جس وقت وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے 2018ء کے عام انتخابات میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے اس وقت وہ امریکی شہری تھے اور یہ کہ ان کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرایا جانے والا حلف نامہ جعلی تھا کہ ان کے پاس غیر ملکی شہریت نہیں ہے۔11 جون 2018ء کو کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت وہ امریکی شہری تھے۔ کاغذات کی اسکروٹنی کے وقت بھی ان کی امریکی شہریت برقرار تھی۔