پاکستانی نوجوان کرکٹر بابر اعظم مستقل مزاجی سے آگے بڑھتے رہے تو کئی کارنامے سرانجام دے سکتے ہیں،

میں ویرات کوہلی سمیت کسی سے بھی بابر اعظم کا موازنہ درست نہیں سمجھتا، پی ایس ایل کی وجہ سے پاکستان میں نئے ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کی تحریک ملے گی،سابق بھارتی کپتان اظہرالدین کی کرکٹ پاکستان ویب سائیٹ سے گفتگو

بدھ 29 جولائی 2020 21:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2020ء) سابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہرالدین نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان کرکٹر بابر اعظم مستقل مزاجی سے آگے بڑھتے رہے تو کئی کارنامے سرانجام دے سکتے ہیں، ہر کھلاڑی کا اپنا دور اور مزاج ہے، میں ویرات کوہلی سمیت کسی سے بھی بابر اعظم کا موازنہ درست نہیں سمجھتا، پی ایس ایل کی وجہ سے پاکستان میں نئے ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کی تحریک ملے گی، حکومتوں میں بات چیت شروع ہونے پر پڑوسی ملکوں کی باہمی کرکٹ بحال ہوگی، کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی نہیں کرنا چاہتا تھا، موجودہ صورتحال میں انگلینڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے بہترین انتظامات کئے، دیگر ملکوں کو بھی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

www.cricketpakistan.com.pk سے گفتگو کرتے ہوئے اظہرالدین نے کہا کہ بابر اعظم بہت اچھے کرکٹر ہیں، ان میں اتنی صلاحیت ہے کہ پاکستان کے عظیم بیٹسمینوں میں جگہ بنا سکیں، وہ ابھی نوجوان ہے اور ان کی بہت کرکٹ باقی ہے، مستقل مزاجی سے آگے بڑھتے رہے تو کئی کارنامہ سرانجام دے سکتے ہیں۔ ایک سوال پر سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ بابر اعظم کا ویرات کوہلی سے موازنہ درست نہیں، ہر کوئی اپنے زمانے کا بہترین کھلاڑی اور اس کا اپنا مزاج ہوتا ہے، میں موازنہ کرنے کے حق میں نہیں ہوں، جو بھی اچھا ہو اس کی بیٹنگ کا لطف اٹھانا اور تعریف کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے پاکستان میں کرکٹ ہو رہی ہے، سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ملک میں یہ مقابلے دیکھ کر نئے ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کی تحریک ملے گی۔ مستقبل میں پاک بھارت مقابلوں کے امکانات پر انہوں نے کہا کہ یہ حکومتوں کا معاملہ ہے، دونوں پڑوسی ملکوں میں بات چیت شروع ہو تب ہی سیریز بھی ممکن ہوسکتی ہے۔ ایک سوال پر اظہر الدین نے کہا کہ آسٹریلیا کی حکومت نہیں چاہ رہی تھی کہ کورونا کی صورتحال میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے، اسی وجہ سے آئی سی سی نے میگا ایونٹ ملتوی کیا، مشکل وقت میں انگلینڈ نے کرکٹ کی بحالی کا اچھا فیصلہ کیا، اسٹیڈیم میں شائقین نہیں لیکن انہیں ٹی وی پر کرکٹ دیکھنے کا موقع مل رہا ہے، نشریاتی حقوق کے معاہدے بھی بچ گئے، احتیاطی تدابیر کے حوالے سے دیگر ملک بھی انگلینڈ سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔