وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کوہاٹ میں پہلی آئن لائن کھلی کچہری کا انعقاد

جمعرات 30 جولائی 2020 00:55

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2020ء) وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق فیڈرل بورڈآف ریونیو کوہاٹ آفس میں پہلی بار کاروباری حضرات اور ٹیکس نادہندگان کی مشکلات کے آزالہ کیلئے آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیاجس میں کمشنر ایف بی آر ڈیرہ اسماعیل خان زون عرفان عزیز،ایڈیشنل کمشنر اشفاق مسعود، اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ اقبال نور خٹک، اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ مصباح الدین، اسسٹنٹ کمشنر ہنگو محمد انجم، اسسٹنٹ کمشنر بنوںجاوید اقبال کے علاوہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کوہاٹ کے سابق صدرحافظ رشیدپراچہ نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر کاروباری حضرات اوراوورسیز پاکستانیوں نے اپنے مسائل اور مشکلات آن لائن ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کے ذریعے بیان کیے اور یہ سلسلہ دو گھنٹے جاری رہا ۔

(جاری ہے)

کچہری میں موجود تمام اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرز ایف بی آر نے موقع پر حل طلب مسائل کے حل احکامات جاری کیے اور بہت سے مسائل کا نوٹس لیا۔ کاروباری حضرات نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے اس اقدام کو خوب سراہااور اس کو کاروباری حضرات کیلئے خوش آئند قرار دیا ۔

آخر میں کمشنر ایف بی آر عرفان عزیز نے کہا کہ آن لائن کھلی کچہری وزیراعظم عمران خان کی واضح ہدایات پر ہر ماہ منعقد کی جائے گی اور اس کھلی کچہری کا بنیادی مقصد ٹیکس نادہندگان اور کاروباری حضرات کو گھر کی دہلیز پر ایف بی آر کے متعلق مشکلات دور کرنا اور سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ ملک کی معیشت کو مضبوط اور مستحکم بنایا جا سکے ۔