وی سی گومل یونیورسٹی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی سے ملاقات،بی اے اور ایم اے کی ڈگری ختم کرنے پر نظرثانی کی گزارش

جمعرات 30 جولائی 2020 01:05

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2020ء) وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد ڈاکٹر فتح محمد مری سے ملاقات کی اور بی اے اور ایم اے کی ڈگری ختم ہونے سے خیبرپختونخوا طلبا کو پیش ہونیوالے مسائل کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی کو بتایا کہ ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان،ٹانک،وانا جیسے پسماندہ علاقوںسمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع کے تقریبا 2لاکھ کے قریب پرائیویٹ طلبا بی اے اور ایم اے کی ڈگری ختم ہونے سے مشکلات اورہیجانی کیفیت کا شکار ہو گئے ہیں ۔

ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ ایچ ای سی طلبہ کو پرائیویٹ بی اے اور ایم اے کا نعم البدل مہیا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ایچ ای سی کا ایسوسی ایٹ ڈگری کا نوٹیفیکیشن خود متضادات کا شکار ہے اور اس پر عمل کرنا کسی بھی کالج کے لئے ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کو ٹھیک کیا جائے اور کالجوں کی صلاحیتوں کو بڑھایا جائے اورکالجوں کیلئے آسان ترین 2+2ماڈل کو لاگو کیا جائے۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فتح محمد مری نے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میں چیئر مین ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد سے اس معاملے میں بات کروں گا۔