وفاقی وزیر برائے آئی ٹی کو یو ایس ایف کے براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے حوالے سے پراجیکٹس بارے میں بریفنگ

جمعرات 30 جولائی 2020 01:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2020ء) وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق کی ہدایت پر وزارت آئی ٹی کا ذیلی ادارہ یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) ملک کے پسماندہ علاقوں میں تیز ترین براڈبینڈ سروسز کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے۔ سی ای او یو ایس ایف حارث محمود چوہدری نے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق کو یو ایس ایف کے براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے حوالے سے پراجیکٹس کے بارے میں بریفنگ دی ہے۔

بریفنگ دیتے ہوئے سی ای او یو ایس ایف نے بتایا کہ کوہستان لاٹ (کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، تورگڑھ، ہری پور اور ایبٹ آباد ) میں تیز ترین موبائل براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے حوالے سے پراجیکٹ پر 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ دادو لاٹ (دادو، جامشورو اور ٹھٹہ ) میں 50 فیصد اور حیدر آباد لاٹ پراجیکٹس پر بھی 50 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

سی ای او نے بتایا کہ ڈیرہ بگٹی لاٹ، مہمند لاٹ، رحیم یار خان لاٹ بہاولنگر لاٹ، ڈی جی خان لاٹ، سانگھڑ لاٹ، کرم لاٹ، مظفر گڑھ لاٹ، شمالی وزیرستان لاٹ، جنوبی وزیرستان لاٹ اور بولان لاٹ میں ہائی سپیڈ براڈ بینڈ سروسز کے حوالے سے پراجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے۔ وفاقی وزیر برائے آئی ٹی نے یو ایس ایف کی کارگردگی کو سراہا اور یو ایس ایف کی مینجمنٹ کو ہدایت کی کہ تمام پراجیکٹس پر کام مقررہ وقت پر اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے۔