Live Updates

گرے لسٹ سے پاکستان کو نکالنا ناگزیر ہے، گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے اپوزیشن جماعتیں حکومت کی نہیں بلکہ پاکستان کی مدد کریں، بلیک لسٹ ہونے سے معیشت پر بھیانک اثرات مرتب ہوں گے اسلیے اپوزیشن بھارتی عزائم کو نیچا دکھانے کیلئے ایف اے ٹی ایف بلز منظور کرے،

پیپلزپارٹی چھوڑنے کے بعد ن لیگ نے وزارت خارجہ کی پیشکش کی تھی جسے قبول نہیں کیا تھا، کسی کے کہنے پر نہیں بلکہ اپنی مرضی سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی اور وقت نے صحیح ثابت کیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو

جمعرات 30 جولائی 2020 01:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ گرے لسٹ سے پاکستان کو نکالنا ناگزیر ہے، گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے اپوزیشن جماعتیں حکومت کی نہیں بلکہ پاکستان کی مدد کریں، بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ پر دھکیلنا چاہتا ہے، بلیک لسٹ ہونے سے معیشت پر بھیانک اثرات مرتب ہوں گے اسلئے اپوزیشن بھارتی عزائم کو نیچا دکھانے کیلئے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) بلز منظور کرے، پیپلزپارٹی چھوڑنے کے بعد ن لیگ نے وزارت خارجہ کی پیشکش کی تھی جسے قبول نہیں کیا تھا، کسی کے کہنے پر نہیں بلکہ اپنی مرضی سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی اور وقت نے صحیح ثابت کیا۔

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر اپنے موقف پر قائم رہا اور وزارت چھوڑی، میرا موقف تھا کہ ریمنڈ ڈیوس سفارتکار نہیں ہے اور نہ ہی جنیوا کنونشن اس پر لاگو ہوتا ہے، وقت نے میرے موقف کی تائید کی اور اس نے اپنی کتاب میں بھی اس کا اعتراف کیا ہے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن کے غم و غصے کی وجہ گیم پلان اور خواہش ادھوری رہ جانا تھی، اپوزیشن سمجھ رہی تھی کہ حکومت پھنسی ہوئی ہے اور وہ بلیک میلنگ کر کے اپنی مرضی کے مطابق نیب قوانین میں ترامیم پاس کرا لے گی، اپوزیشن کا مسودہ مان لیں تو ملک سے احتساب ہی ختم ہو جائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف بل کی مخالفت نہیں کی صرف اسے نیب بل سے مشروط کیا ہے، اپوزیشن جماعتیں سیاست سے بالاتر ہو کر ملک کا سوچیں اور قانون پاس کرنے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نیب قوانین میں ترامیم کیلئے سنجیدہ ہے اور اپوزیشن کی مناسب تجاویز پر ضرور غور کرے گی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومتوں کے دوران نیب قوانین میں ترامیم نہیں کیں اور اب وہ چاہتی ہیں کہ 10 گھنٹوں میں معاملہ حل ہو جائے یہ ممکن نہیں ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات