صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے حقوق اور وسائل کا سودا کر چکی ہے ،سکندر حیات خان شیرپائو

جمعرات 30 جولائی 2020 20:08

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جولائی2020ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے چشمہ لفٹ بنک کینال کو پی ایس ڈی پی سے ڈراپ کرنے کو صوبائی حکومت کی نااہلی اور وفاقی حکومت کی خیبر پختونخوا کے ساتھ امتیازی رویہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے حقوق اور وسائل کا سودا کر چکی ہے ۔

وطن کور پشاور سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میںانھوں نے جنوبی اضلاع کے مفاد اور ترقی کے حامل منصوبہ کو پی ایس ڈی پی سے نکالناوہاں کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبہ کو بڑی جدوجہد کے بعد پی ایس ڈی پی میں شامل کیا تھا لیکن صوبائی حکومت کی نااہلی اور وفاق کی غیر منصفانہ اقدامات کی بدولت عوام ایک بڑے میگا پراجیکٹ سے محروم ہو گئے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ چشمہ لفٹ بنک کینال منصوبہ کو اپنی دور وزرات میں مرکزی وزیر برائے فنانس اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران پی ایس ڈی پی میں شامل کرکے فیصلہ کیا گیا تھا کہ منصوبہ کی تکمیل کیلئے آدھے پیسے مرکز اور آدھے صوبہ فراہم کرے گی لیکن بدقسمتی سے صوبائی حکومت کی نااہلی اورصوبہ کے حقوق کے حصول کیلئے موثر آواز نہ اٹھانے کی وجہ سے وفاق نے منصوبے پر شب خون ماردیا۔

انھوں نے کہا کہ صوبائی حقوق کے حصول اور تحفظ کیلئے صوبائی حکومت کاکردار محض تماشائی کے سوا کچھ نہیں ۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ حکمرانوں نے خیبر پختونخوا کے حقوق پر سودا بازی کرکے صوبہ اور باالخصوص جنوبی اضلاع کی ترقی پر سمجھوتہ کر لیا ہے۔انھوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے چھوٹے صوبوں کے استحصال کے ساتھ ساتھ غریب عوام کاجینا بھی دوبھر کردیا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ چشمہ لفٹ بنک کینال کا منصوبہ جنوبی اضلاع کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سے ان کی ترقی وابستہ ہے ۔انھوں نے لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی سیراب کرنے کے حامل منصوبہ کی کھٹائی میں پڑنے کے مسئلے پرکہا کہ تعجب کی بات ہے کہ مرکز اور صوبہ میں ایک ہی سیاسی جماعت برسراقتدار ہونے کے باوجود خیبر پختونخواکے حقوق غصب کرکے عوام کو ترقی سے محروم کیا جارہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر صوبہ کے ساتھ یہی رویہ جاری رہا اور صوبہ کے حقوق سلب ہوتے رہے تو قومی وطن پارٹی کسی صورت خاموش نہیں رہے گی اور اس کے خلاف بھر پور احتجاجی تحریک چلائے گی ۔ انھوں نے پی ٹی آئی کے نعرہ "بدل رہا ہے خیبر پختونخوا"کو جھوٹ کا پلندہ اور صوبہ کے عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی صوبہ کی تعمیر و ترقی اور پختونوں کے بہبود سے مخلص نہیں اورثابت ہو چکا ہے کہ ان کی تبدیلی کا نعرہ دھوکے کے سوا کچھ نہیں تھا۔