سعودی فرمانروا شاہ سلمان پتے کے کامیاب آپریشن کے بعد ہسپتال سے رخصت

جمعہ 31 جولائی 2020 10:05

ریاض۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2020ء) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز صحت یاب ہوکر کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال سے رخصت ہوگئے ہیں۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق ایوان شاہی نے بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ ’شاہ سلمان 30 جولائی کو اللہ تعالی کے فضل و کرم سے صحت یاب ہوجانے پر کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال ریاض سے رخصت کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایوان شاہی نے اپنا بیان اس دعائیہ جملے پر ختم کیا کہ’ اللہ تعالی شاہ سلمان کی حفاظت کرے۔ انہیں ہر تکلیف سے اپنی پناہ میں رکھے اور انہیں صحت و عافیت سے نوازتا رہے۔ایوان شاہی نے گزشتہ جمعرات 23 جولائی کو اطلاع دی تھی کہ شاہ سلمان نے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں پتے کا آپریشن کرایا ہے جوکامیاب رہا ہے۔ایوان شاہی کے بیان میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ خادم حرمین شریفین معالج ٹیم کے مشورے پرکچھ وقت ہسپتال میں گزاریں گے۔ یاد رہے کہ شاہ سلمان 20 جولائی کو پتے میں سوزش پر معائنہ کے لیے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں داخل ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :