افغان صوبہ لوگر میں گورنر کے دفتر کے قریب کار بم دھماکا، 17 افراد جاں بحق

جمعہ 31 جولائی 2020 11:22

افغان صوبہ لوگر میں گورنر کے دفتر کے قریب کار بم دھماکا، 17 افراد جاں ..
کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2020ء) افغانستان کے صوبہ لوگر میں گورنر کے دفتر کے قریب کار بم دھماکے میں کم از کم 17 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جمعرات کی رات دھماکے کے مقام پر لوگوں کی بڑی تعداد عید کے لئے خریداری میں مصروف تھی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق طالبان نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبہ لوگر کے گورنر کے ترجمان دیدار لوانگ نے بتایا کہ بظاہر یہ کار بم دھماکا خود کش حملہ آور نے کیا ہے۔ واضح رہے کہ طالبان اور افغان حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کر رکھا ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر دہشت گردوں کی کارروائی کے نتیجہ میں متعدد افراد جاں بحق ہو گئے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہیکہ طالبان کا اس دھماکے سے کوئی تعلق نہیں۔