وال سٹریٹ جرنل کورونا وائرس کے خلاف حکومت کی کوششوں اور اقدامات کا معترف

وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت حکومت کی مئوثر کوششوں کے نتیجہ میں پاکستان میں کورونا وائرس کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے، محدود وسائل کے باوجود اس بڑے چیلنج سے کامیابی سے نبرد آزما ہونا قابل تعریف ہے وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ

اتوار 2 اگست 2020 19:25

نیویارک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2020ء) وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت حکومت کی موثر کوششوں کے نتیجہ میں پاکستان میں کورونا وائرس کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے، محدود وسائل کے باوجود اس بڑے چیلنج سے کامیابی سے نبرد آزما ہونا قابل تعریف ہے، معروف امریکی جریدہ وال سٹریٹ جرنل نے اتوار کو اپنی اشاعت میں کوڈ۔19کے خلاف پاکستان کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے بیان کیا کہ ہسپتالوں کے بیڈز اب خالی پڑے ہیں جہاں پہلے مریضوں کو جگہ نہیں ملتی تھی ، وینٹی لیٹرز پر مریضوں کی تعداد نصف سے کم ہوگئی ہے جبکہ عالمی وباء کے باعث اموات میں بھی کمی آئی ہے .وزیراعظم کے مشیر اور فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے ہم نے سخت لاک ڈائون اور کاروبار مکمل کھولے رکھنے کے درمیان ایک بہتر لائحہ عمل اختیارکیا ۔

(جاری ہے)

شہریوں نے ماسک کا زیادہ استعمال کیا ، ہاتھ دھونے اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایات پر عمل کیا گیا ۔حکومتی اور عوامی سطح پر آگاہی مہم میں اضافہ ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے غریبوں کی معاشی حالت کے پیش نظر مئی میں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے مکمل لاک ڈائون کی تاکید کی مزاحمت کی تاہم جن علاقوں میں زیادہ کیسز پائے گئے وہاں لاک ڈائون کی حکمت عملی اختیار کی گئی وزیر اعظم نے پبلک میں ماسک پہننا شروع کردیا ۔

جریدہ کے مطابق کورونا کے خلاف پاکستان کی کامیابی بڑی اہمیت کی حامل ہے، تعلیمی ادارے شادی، ہالز بند اور پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی لگائی ۔عید الا ضحیٰ کے موقع پر ایس او پیز اور بہتر حفاظتی انتظامات کئے گئے ۔شہریوں نے اجتماعی قربانی میں حصہ لیا۔ وال سٹریٹ جرنل کے مطابق جون ایسا مہینہ تھا جب کورونا کیسز کی تعداد ایک دن میں 7000 ہوگئی تھی جبکہ جمعہ کو یہ تعداد 903 ہوگئی اس ہفتہ کے دوران صرف 27 اموات ہوئیں ۔

لندن سکول آف ہائیجین اینڈ ٹراپیکل میڈیسن کی پروفیسر اینا ویسل کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں میں نمایاں کمی بڑی حوصلہ افزاء ہے دوسری طرف امریکہ جیسا وسیع وسائل کا حامل ملک کورونا کا سب سے زیادہ شکار ہوا جہاں متاثرین کی تعداد 47لاکھ اور اموات کی تعداد 157000سے زائد ہوگئی ہے۔