ریاض میں 250 وارداتیں کرنے والا پاکستانی گینگ گرفتار

7 رُکنی گینگ میں بنگلہ دیشی بھی شامل تھے،ملزمان نے مختلف وارداتوں میں37 لاکھ ریال کی الیکٹرک کیبلز اوردیگر سامان چُرانے کا اعتراف کر لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 3 اگست 2020 10:08

ریاض میں 250 وارداتیں کرنے والا پاکستانی گینگ گرفتار
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 اگست 2020ء) ریاض پولیس نے چوری کی سینکڑوں وارداتوں میں ملوث سات رُکنی گینگ کو گرفتار کر لیا ہے جس میں پاکستانی اور بنگلہ دیشی افراد شامل ہیں۔ ریاض پولیس کی جانب سے بتایا کہ ملزمان کئی سالوں سے وارداتیں کر رہے تھے، تاہم اپنی ہوشیاری کی وجہ سے کوئی ثبوت نہ چھوڑتے جس کی وجہ سے پولیس کو انہیں گرفتار کرنے میں خاصی دُشواری پیش آ رہی تھی۔

ملزمان ریاض کے مختلف علاقوں میں واقع بجلی کمپنی کے گوداموں اور دفاتر سے الیکٹرک کیبلز اور سرکٹ بریکرز چُرا کر انہیں بازار میں فروخت کر دیتے تھے۔ تفتیش کے دوران ملزمان نے 250 وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جن کی مالیت 37 لاکھ 50 ہزار ریال (پاکستانی کرنسی میں تقریباً 17 کروڑ روپے) بنتی ہے۔ ریاض پولیس کے ترجمان میجر خالد الکریدیس نے بتایا کہ ملزمان کو پکڑنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے کئی ہفتوں کی محنت کے بعد تمام ملزمان کے ٹھکانوں کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ملزمان چوری کیا گیا سامان ریاض کے ایک مضافاتی علاقے کے فارم ہاؤس میں منتقل کر دیتے ، جسے بعد میں بازار میں فروخت کر دیا جاتا تھا۔ اس گودام سے لاکھوں ریال کی مالیت کا چوری شدہ سامان اور واردات میں استعمال ہونے آلات و اوزار بھی برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس نے ملزمان پر مقدمہ چلانے کی خاطر انہیں پبلک پراسکیوشن کے حوالے کر دیا ہے جو ان کا چالان مکمل کرنے کے بعد انہیں جلد عدالت میں پیش کردے گا۔

واضح رہے کہ ریاض پولیس نے چند روز قبل بھی چوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ایک جرائم پیشہ گروہ پکڑا تھا جس میں بھارتی اور پاکستانی کارکنان شامل ہیں۔ 12 افراد کا یہ گروہ 48 سے زائد وارداتیں کر چکا تھا۔ جن میں سے زیادہ تر ریاض شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں کی گئیں۔ ریاض پولیس کے ترجمان میجر خالد القریدس نے بتایا کہ پکڑے گئے افراد بیٹری، کاپر کٹرز اور بجلی کے دیگر قیمتی سامان کی48 وارداتوں میں ملوث تھے۔

ملزمان ٹیلی کمیونی کیشنز کمپنیوں کے ٹاورز کے کنٹرول رومز اور آپٹیکل گائیڈ بورڈز کو اپنی لوٹ مار کا ہدف بناتے تھے۔ زیادہ تر وارداتیں الناظم، النسیم اور القیروان کے علاقوں میں کی گئیں، جن میں مجموعی طور پر 8 لاکھ 64 ہزار ریال مالیت کا سامان لُوٹا گیا۔ ملزمان چوری کیا گیا سامان مشرقی ریاض کے علاقے ال ریمال میں واقع ایک گودام میں چھُپایا کرتے تھے۔ پولیس نے گودام پر چھاپہ مار کر چوری کا کچھ سامان اور 14 ہزار ریال کی رقم برآمد کر لی۔