ایوان صدر میں عیدالاضحی کی نماز کورونا سے بچاؤ کے ضابطہ کار پر عمل درآمد کے ساتھ ادا کی گئی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گھر میں نماز عید ادا کی ،یوان صدر کے عملہ سے عید ملے اور فرداً فرداً سب کو عید کی مبارکباد دی

پیر 3 اگست 2020 11:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2020ء) ایوان صدر میں عیدالاضحی کی نماز کورونا سے بچاؤ کے ضابطہ کار پر عمل درآمد کے ساتھ ادا کی گئی۔ عوام کے نام ویڈیو پیغام کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے گھر میں نماز عید ادا کی جس کے بعد صدر مملکت ایوان صدر کے عملہ سے عید ملے اور فرداً فرداً سب کو عید کی مبارکباد دی۔

خاتون اول بیگم ثمینہ علوی بھی اس موقع پر موجود تھیں جبکہ ایوان صدر میں عیدالاضحی کی نماز ادا کی گئی۔ نماز عید کی ادائیگی کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھا گیا،نمازیوں نے ماسک پہن کر نماز عید ادا کی۔عید ملنے کے دوران کورونا سے بچاؤ کے ضابطہ کار پر عمل درآمد کیا گیا، سماجی فاصلہ برقرار رکھا گیا جبکہ تمام افراد نے ماسک پہن رکھے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عید الاضحی کے پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ذوالحج کا مہینہ قربانی، اطاعت، خیر خواہی اور نظم و ضبط سکھاتا ہے۔اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ الله تعالیٰ نے اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزمایا، یہ بزرگ ہستیاں ان امتحانات میں پوری طرح سرخرو ہوئیں، آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت ِقدم رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لئے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے، اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا پریشان ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ تمام انسانیت کسی نہ کسی طرح اس وباء سے متاثر ہوئی ہے، اس وباء نے معاشی طور پر ساری دنیا کو بڑے نقصان سے دوچار کیا ہے، بڑی بڑی طاقتور حکومتیں اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مشکلات سے دوچار ہیں، صحیح بخاری کی حدیث کے مطابق قحط سالی کے دور میں حضرت محمدؐ (خاتم النبین) نے تین دن کی ضرورت سے زائد گوشت جمع کرنے سے منع فرمایا۔

انہوں نے کہا کہ اپنے اردگرد ضرورت مند اور نادار افراد کو تلاش کرکے ان تک قربانی کا کچھ حصہ ضرور پہنچائیں، عوام کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو ہر گز نظر انداز نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ الله تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر دعا کریں کہ وہ ہمیں اس وباء کی ہولناکیوں سے محفوظ و مامون فرمائے۔