انڈین پریمیر لیگ کا تیرہواں ایڈیشن رواں سال ستمبر میں متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا، 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرینگی، ممبئی انڈینز ٹائٹل کا دفاع کریگی، لیگ میں فائنل سمیت کل 53 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل 10 نومبر کو کھیلا جائے گا

پیر 3 اگست 2020 12:40

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2020ء) بھارت کرکٹ اینڈ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے زیراہتمام انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا 13 واں ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں 19 ستمبر سے شروع ہوگا، انڈین پریمیر لیگ کے فائنل سمیت تمام میچز یو اے ای کے تین مقامات دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے، لیگ کا فائنل میچ 10 نومبر کو کھیلا جائے گا اور لیگ میں فائنل سمیت 53 میچز کھیلے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق یہ ایونٹ رواں سال 29 مارچ سے بھارت میں شیڈول تھا لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 15 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے 14 اپریل کو اس اعلان کے بعد کہ بھارت میں لاک ڈاون کم از کم 3 مئی 2020ء تک جاری رہے گا، بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ کو غیر معینہ مدت کیلئے معطل کردیا۔

(جاری ہے)

2 اگست 2020ء کو اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ یہ ٹورنامنٹ 19 ستمبر سے 10 نومبر 2020ء کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2014ء میں ہندوستان میں انتخابات کی وجہ سے آئی پی ایل کا آدھا سیزن یو اے ای منتقل ہوگیا تھا یوں متحدہ عرب امارات اس سے قبل 2014ء میں آئی پی ایل کے میچز کی میزبانی کرچکا ہے۔ آئی پی ایل کے 13 ویں ایڈیشن میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرینگی۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم سب سے زیادہ چار مرتبہ لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔ لیگ کا پہلا ایڈیشن 2008ء میں کھیلا گیا تھا جو راجستھان رائلز نے جیتا تھا۔ شین واٹسن راجستھان رائلز کی قیادت کی تھی۔ لیگ میں اب تک بھارت کے ویرات کوہلی 5412 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر جبکہ سری لنکا کے فاسٹ بائولر لیستھ ملنگا نے 170 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹ حاصل کی ہیں۔