سعودی عرب میں جانور کی قربانی کے وقت گھر میں شیر گھس آیا

شیر کے گھر میں گھس آنے پر شور بپا ہو گیا اور ہرطرف سے شیر شیر کی آوازیں آنے لگیں شیر کے گھر میں گھس آنے کے بعد اہل خانہ نے پولیس اور شہری دفاع کے عملے کو مدد کیلئے طلب کیا

پیر 3 اگست 2020 12:40

سعودی عرب میں جانور کی قربانی کے وقت گھر میں شیر گھس آیا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2020ء) عید الاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کی قربانی دینا تو معمول کی بات ہے مگر سعودی عرب میں عید قربان پر ایک گھر میں اس وقت شیر گھس آیا جب اہل خانہ ایک جانور کی قربانی کے لیے اسے ذبح کر رہے تھے۔عرب ٹی وی کے مطابق ایک سعودی شہری ھیثم خالد نے اپنے گھر میں قربانی کے وقت داخل ہونے والے شیر کی ویڈیو جاری کی ہے۔

اس نے بتایا کہ ہم جانور ذبح کر رہے تھے کہ اچانک گھر کی دیوار پر شیر کو دیکھ کر دنگ رہ گئے۔

(جاری ہے)

شیر چند میٹر کے فاصلے پر ہمیں اور ذبح کیے گئے جانور کو للچائی نظروں سے دیکھ رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ قربانی مواقع پر گھروں کے آس پاس گوشت کی بو پر کتوں اور بلیوں کی آوارہ گردی دیکھی جاتی ہے مگر شیر کا گھر میں گھس آنا ناقابل یقین واقعہ ہے۔ھیثم خالد نے بتایا کہ شیر کے گھر میں گھس آنے پر شور بپا ہو گیا اور ہرطرف سے شیر شیر کی آوازیں آنے لگیں۔ بعض افراد کا خیال تھا کہ یہ کوئی بڑے حجم کی بلی ہے مگر جب اس بات کی تصدیق ہوئی کہ وہ شیر ہے تو ہم سب حیران اور خوف زدہ ہو گئے تھے۔شیر کے گھر میں گھس آنے کے بعد اہل خانہ نے پولیس اور شہری دفاع کے عملے کو مدد کے لیے طلب کیا۔