کامیاب حج کے انعقاد پر عرب پارلیمنٹ کی سعودی عرب کو مبارک باد

پیر 3 اگست 2020 12:45

جدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2020ء) فریضہ حج کے کامیاب انعقاد اور کرونا جیسی وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی بحرانی صورت حال میں حجاج کرام کو تمام ممکنہ سہیولیات فراہم کرنے پر عرب پارلیمنٹ نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔

(جاری ہے)

عرب پارلیمنٹ کے اسپیکر مشعل بن فھم السلمی نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے حج کے موقع پر اللہ کے مہمانوں کو ہرممکن سہولت فراہم کرنا، کرونا سے بچاو کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنا اور حجاج کرام کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا قابل تحسین اقدامات ہیں۔

سعودی حکومت کی جانب سے خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کی ہدایات کی روشنی میں مناسک حج کی ادائی میں اللہ کے مہمانوں کی خدمت قابل تحسین ہے۔ سعودی حکومت کی مساعی جلیلہ سے حجاج کرام آسانی اور سہولت کے ساتھ فریضہ حج ادا کرنے کی سعادت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔