خوشی کا یہ موقع ہمارے زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور کامرانیاں لے کر آئے گا، قربانی کے جذبہ سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کی جائے، عوام کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کو ہرگز نظر انداز نہ کریں،مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے،

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا عیدالاضحی کے موقع پر قوم اور عالم ِاسلام کو تہنیتی پیغام

پیر 3 اگست 2020 15:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عیدالاضحی کے پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم ِاسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی کا یہ موقع ہمارے زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور کامرانیاں لے کر آئے گا، قربانی کے جذبہ سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کی جائے، عوام کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کو ہرگز نظر انداز نہ کریں۔

ہفتہ کو عیدالاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ الله تعالیٰ نے اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزمایا، یہ بزرگ ہستیاں ان امتحانات میں پوری طرح سرخرو ہوئیں، آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت ِقدم رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لئے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے، اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا پریشان ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ تمام انسانیت کسی نہ کسی طرح اس وباء سے متاثر ہوئی ہے، اس وباء نے معاشی طور پر ساری دنیا کو بڑے نقصان سے دوچار کیا ہے، بڑی بڑی طاقتور حکومتیں اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مشکلات سے دوچار ہیں، صحیح بخاری کی حدیث کے مطابق قحط سالی کے دور میں حضرت محمدؐ (خاتم النبین) نے تین دن کی ضرورت سے زائد گوشت جمع کرنے سے منع فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اردگرد ضرورت مند اور نادار افراد کو تلاش کرکے ان تک قربانی کا کچھ حصہ ضرور پہنچائیں، عوام کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو ہر گز نظر انداز نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ الله تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر دعا کریں کہ وہ ہمیں اس وباء کی ہولناکیوں سے محفوظ و مامون فرمائے۔