حج مقامات پر کی گئی قربانی کا گوشت فروخت کرنے کی کوششیں ناکام بنا دی گئیں

مشاعر مقدمہ سے دیگر شہروں کو لے جانے والے درجنوں ذبیحہ گاڑیوں کی تلاشی کے دوران ضبط کر کے تلف کر دیئے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 3 اگست 2020 15:53

حج مقامات پر کی گئی قربانی کا گوشت فروخت کرنے کی کوششیں ناکام بنا دی ..
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 اگست 2020ء) سعودی بلدیہ کے اہلکاروں نے حج مقامات پر کی گئی قربانی کا گوشت فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ کچھ افراد کی جانب سے درجنوں ذبیحہ خفیہ طور پر جدہ لے جا کر فروخت کرنے کی کوشش کی گئی، جو چوکیوں پر تعینات اہلکاروں نے تلاشی کے دوران ناکام بنا دی۔ اُردو نیوز کے مطابق سعودی بلدیہ کے اہلکاروں نے مشاعر مقدسہ سے لائے جانے والے 49 ذبیحہ ضبط کر کے انہیں تلف کر دیا۔

ہے۔ قربانی کا گوشت انتہائی غیر مناسب انداز میں مکہ سے جدہ لایا جارہا تھا۔یاد رہے کہ ہر برس عید الاضحیٰ کے موقع پر مکہ مکرمہ اور جدہ کے راستے پر بلدیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کی جانب سے تفتیشی چوکیاں قائم کی جاتی ہیں تاکہ ان مشاعر مقدسہ سے گوشت لانے والوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے اس سال بھی متعلقہ اداروں کی جانب سے چوکیاں قائم کی گئیں جبکہ بعض لوگوں کا خیال تھا کہ اس سال چوکیاں نہیں ہوں گی اور وہ آسانی سے گوشت لاسکیں گے۔

ریجنل بلدیہ کے سیکریٹری انجینئر محمد الزھرانی نے بتایاکہ گزشتہ 2 دنوں میں مکہ مکرمہ، جدہ شاہراہ پر موجود خصوصی چیک پوسٹوں پر متعین اہلکاروں نے 13 گاڑیوں کی تلاشی لی جن میں قربانی کا گوشت جدہ لایا جا رہا تھا۔قربانی کا گوشت انتہائی غیر معیاری طریقے سے لایا جارہا تھا جس کی وجہ سے وہ خراب ہو گیا اور انسانی استعمال کے قابل نہیں تھا جس پر تمام گوشت جو کہ 49 جانوروں کا تھا تلف کر دیا گیا۔

واضح رہے جدہ، مکہ شاہراہ پر بلدیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے اس سال بھی چار خصوصی چیک پوسٹیں قائم کی ہیں تاکہ اس امر کویقینی بنایا جاسکے کہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کے مذبح سے گوشت لانے کی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔عید الاضحیٰ کے موقع پر متعدد افراد مشاعر مقدسہ اور مکہ مکرمہ کے مذبح میں قربانی کے جانور ارزاں داموں میں خرید کر انہیں جدہ اور دیگر شہروں میں قائم ہوٹلوں اور دکانوں میں فروخت کرتے ہیں۔ یہ لوگ گوشت گاڑیوں میں چھپا کرلاتے ہیں جن میں کسی قسم کی حفاظتی اقدامات نہیں ہوتے جبکہ گرم موسم کی وجہ سے گوشت گاڑی کی ڈگی میں رکھا ہوتا ہے جو خراب ہو جاتا ہے۔