بالی وڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن کورونا سے صحتیاب

پیر 3 اگست 2020 18:10

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2020ء) کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے بالی وڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن 3 ہفتوں تک زیر علاج رہنے کے بعد ممبئی کے ہسپتال سے ڈسچارج ہوگئے،اس بات کی تصدیق ان کے بیٹے ابھیشیک بچن نے بذریعہ ٹوئٹ کی کہ ان کے والد کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا،نانا وتی سپر اسپیشلٹی ہسپتال میں زیرعلاج ابھیشیک بچن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کا سہارا لیتے ہوئے لکھا کہ ان کے والد کا ٹیسٹ منفی آگیا اور وہ گھر میں آرام کریں گے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں خود امیتابھ بچن نے بھی ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ میرا کووڈ کا ٹیسٹ منفی آیا اور مجھے ڈسچارج کردیا گیا جس کے بعد میں گھر میں قرنطینہ میں آگیا ہوں،انہوں نے لکھا کہ خدا کے کرم، ماں بابوجی کی برکتوں، دوستوں، مداحوں، قریبی لوگوں اور عزیزوں کی دعاؤں اور ناناوتی ہسپتال میں نرسنگ اور بہترین دیکھ بھال نے میرے لیے یہ ممکن بنایا کہ میں یہ دن دیکھ سکوں۔